ماڈل کی فیشن شو میں کیٹ واک کے دوران موت ہوگئی

ولادا ڈزیوبا کی موت حد سے زیادہ کام اور آرام نہ ہونے کی وجہ سے ہوئی، طبی حکام

جواں سال ماڈل کیٹ واک کے دوران موت کے منہ میں چلی گئی،فوٹو:انٹرنیٹ

SHABQADAR:
روس کی جواں سال ماڈل چین میں کیٹ واک کے دوران موت کے منہ میں چلی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 14سالہ روسی ماڈل ولادا ڈزیوبا نے گزشتہ ماہ ہی چین کی ایک ماڈلنگ ایجنسی سے تین مہینے کامعاہدہ کرکے بیجنگ میں منعقدہ فیشن شو سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی روسی ماڈل نے مالی بحران کے باعث خاندان کی کفیل بن کر ماڈلنگ کی چکاچوند دنیا میں قدم رکھا تھا۔



پیسے کمانے کے غرض سے ماڈل ولادا ڈزیوبا چینی ماڈلنگ ایجنسی سے کئے گئے معاہدے کے تحت بیجنگ منتقل ہوگئی اور ایک ماہ تک وہ مسلسل کام کرتی رہی۔ ماڈل سے اس کی استطاعت سے زیادہ کام لیا جاتا رہا جس کا شکوہ اس نے اپنے اہل خانہ سے بھی کیا۔


ولادا ڈزیوبا کی والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی جب بھی فون کال کرتی تو اپنی خرابی صحت کو لے کر ہمیشہ پریشان خبریں سناتی اور اپنےساتھ ہونے والے استحصال اور کام کے بوجھ پر دل برداشتہ ہوکر رونے لگتی، وہ اکثر بتاتی کہ اس سے 13 سے 14 گھنٹے تک کام لیا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی نیند پوری نہیں کرپاتی اور شدید تھکن کی وجہ سے بخار میں مبتلا رہتی ہے۔



وہ فیشن شو میں ریمپ پر واک کے دوران اچانک غش کھا کر گرِ پڑی۔ ماڈل کو تشویشناک حالت میں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 2 دن قومہ میں رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئی۔

موت کے بعد پتہ چلا کہ مذکورہ کمپنی نے ماڈل کو میڈیکل انشورنس تک نہیں دیا تھا اور معاہدے کے برخلاف اس سے تین گھنٹے کے بجائے 14 گھنٹے تک کام لیا جارہا تھا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ابتدائی شواہد کی روشنی میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
Load Next Story