چیئرمین پی سی بی نے مزید 2 انٹرنیشنل ٹیموں کی پاکستان آمد کا عندیہ دیدیا

ویسٹ انڈین حامی بھر چکے، 2020 تک ہر ٹیم دورہ کرچکی ہوگی، چیئرمین بورڈ


Sports Reporter October 29, 2017
وزیراعظم میچ دیکھنے نہیں آ رہے، عمران خان اگر آئیں تو خوش آمدید کہیں گے، نجم سیٹھی۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین حامی بھر چکے، دیگر بھی آئیں گے تاہم امید ہے کہ 2020تک ہرکرکٹ کھیلنے والے ملک کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرچکی ہوگی۔۔

تفصیلات چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایک غیرملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں امید ظاہر کی کہ 2020تک ہرکرکٹ کھیلنے والے ملک کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرچکی ہوگی،انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کیلیے آنے کی حامی بھر چکی،اس کے بعد دیگر 2ملکوں کی ٹیمیں بھی تیار ہیں، امید ہے کہ بعد ازاں دیگر کو بھی قائل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف سے 2ملاقاتوں میں پی ایس ایل فائنل کیلیے کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ موقع قریب آنے پر دیکھیں گے، چند ہفتے قبل ان کی طرف سے گرین سگنل ملا تو لاہور میں ہونے والے دھماکے میں 13جانیں چلی گئیں، فرنچائزز فائنل کے حوالے سے شکوک میں مبتلا ہوئیں لیکن قوم کے آہنی عزم نے یہ ممکن کردکھایا، انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورے کے موقع پر بھی ایسی مشکلات تھیں، نامور کرکٹرز کے بغیر ایونٹ پھیکا رہتا،دونوں مسائل پر قابو پایا،سری لنکن کرکٹ بورڈ کو اعتماد لینے کا موقع کولمبو میں اے سی سی اجلاس کے دوران ملا،آئی لینڈرز کی آمد کے بعد مزید راستے کھلتے جائیں گے۔

ایک الگ انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہاکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ٹی20 میچ دیکھنے نہیں آ رہے، عمران خان آئیں تو خوش آمدید کہیں گے۔انھوں نے کہا کہ قوم کی دعاؤں سے سب ہو رہا ہے، ہم پاکستانیوں کی خوشی میں مزید اضافہ کریں گے۔

چیئرمین بورڈ نے کہاکہ ہمارے ملک میں وی آئی پی کلچر ہے اور ہرکوئی پروٹوکول چاہتا ہے، وی آئی پی ٹکٹ کیلیے دباؤ آنے پر افسوس ہوتا ہے، اگرمنع کریں تو لوگ ناراض ہو تے ہیں اور اگرہاں کریں تو مسائل پیدا ہوتے ہیں، ٹکٹس کی مد میں آنے والی رقم اسٹیڈیم کی بہتری پرخرچ ہو گی،انھوں نے کہا کہ میچ سے پہلے تقریب میں کچھ رونق جمائیں گے، مہمان آ رہے ہیں، مل کر خوش آمدید کہیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں