کارپوریٹ سیکٹر سام سنگ کا نیا ہدف

سام سنگ نے بین الاقوامی سیل فون انڈسڑی کے تجارتی میلے میں نوکس (Knox) نامی ایک سافٹ وئیر متعارف کرایا ہے،

سام سنگدنیا کو سمارٹ فون بیچنے والی سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے۔ فوٹو: فائل

جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ گزشتہ برس ایپل کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کو سمارٹ فون بیچنے والی سب سے بڑی کمپنی بن گئی تھی۔

کمپنی نے اب تک عام صارفین کو اپنا ہدف بنایا ہوا تھا، لیکن اب اس نے تجارتی کمپنیوں، بڑے کارپوریٹ اداروں اور بزنس پروفیشنلز کو اپنی طرف مائل کرنے پر توجہ مرکوز کر لی ہے، جس سے بلیک بیری کی موجودہ حیثیت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔گزشتہ برس سے سام سنگ کمپنی خاموشی سے گوگل اینڈروئڈ سافٹ وئیر، جو اس کے سمارٹ فون پر چلتا ہے، کو بہتر بنانے پر کام کر رہی تھی، تاکہ کاروباری حلقوں کو ایک زیادہ محفوظ فون دیا جا سکے۔

اب اس نے گزشتہ ہفتے بارسلونا میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی سیل فون انڈسڑی کے تجارتی میلے میں نوکس (Knox) نامی ایک سافٹ وئیر متعارف کرایا ہے، جس کے متعلق سام سنگ کا کہنا ہے کہ یہ فون کو ہیکرز سے محفوظ رکھے گا۔ کمپنی پرامید ہے کہ اس نئے سافٹ وئیر کی بدولت اب سام سنگ سمارٹ فونز کو کارپوریٹ دنیا کے انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبوں میں بھی پذیرائی ملے گی، جو کہ اس سے قبل ہیکرز کی طرف سے حساس کارپوریٹ ڈیٹا کی چوری کے خدشے کے پیش نظر، اس کے سمارٹ فون کے استعمال کے بارے میں متامل تھے۔


انفارمیشن ٹیکنالوجی منیجرز کا شمار بلیک بیری کے سب سے زیادہ وفادار (most loyal)صارفین میں ہوتا ہے۔ اس کی وجہ بلیک بیری کا محفوظ سکیورٹی بندوبست اور نجی رابطے کا نظام ہے۔ سام سنگ کا کہنا ہے کہ اس نے General Dynamics ، جو کہ ایک ملڑی کنٹریکٹر فرم ہے، کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، تاکہ حکومتی ایجنسیوں کے سخت سکیورٹی معیارات پر پورا اترا جا سکے۔ کمپنی ایگزیکٹوز کے مطابق دوسری سہ ماہی میں آنے والے نئے گلیکسی سمارٹ فون پر پہلی مرتبہ نوکس (Knox)سافٹ وئیر کی سہولت دی جائے گی۔ یہ فون Glaxy S IV ہو سکتا ہے، امکان ہے کہ اسے 14مارچ کو نیو یارک میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں متعارف کرایا جائے گا۔ کمپنی نے اپنی تشہیری مہم میں بھی، کارپوریٹ سیکٹر پر فوکس کیا ہے۔

اگرچہ سام سنگ ٹیلی ویژن اور سیل فون فروخت کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے، لیکن آئی ٹی منیجرز کو اپنی ملازمتوں کا خطرہ مول لے کر نئے سیکیورٹی سسٹم پر آنے کے لئے آمادہ کرنا خاصا مشکل کام ہو گا۔ دوسری طرف بلیک بیری کے ایگزیکٹوز کا اصرار ہے کہ پروفیشنلز کے استعمال کے لئے بلیک بیری اب بھی بہترین ہے۔

اب شی فیس بک بھی۔۔۔۔۔

فیس بک مقبول ترین سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ہے۔ اب امریکی ریاست کیلی فورنیا میں زیر تعلیم 17سالہ پاکستانی طالب علم شایان احمد نے فیس بک کی طرز پر خواتین کے لئے الگ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ www.shefacebook.com لانچ کی ہے، تاکہ خواتین خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کو اس کے منفی پہلوئوں اور ناپسندیدہ رجحانات سے بچایا جا سکے۔ اس سوشل نیٹ ورک میں مرد حضرات صرف گیسٹ ممبر کی حیثیت سے شامل ہو سکتے ہیں، جن پر کسی ناپسندیدہ پوسٹ کے حوالے سے خاص طور پر نظر رکھی جائے گی۔ میڈیا کو جاری کی گی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک میں سیکڑوں کی تعداد میں خواتین ممبر شامل ہوئی ہیں، جن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جب کہ والدین نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ تاہم پریس ریلیز میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس نیٹ ورک میں جعلی شناخت پر شامل ہونے والے لوگوں کو کیسے روکا جائے گا۔
Load Next Story