تمام وزارتوں ڈویژنوں سے فارن ایکسچینج کی تفصیلات طلب

تمام وزارتیں اور ڈویژن 5 مارچ 2013 تک اپنی ڈیمانڈ وزارت خزانہ کو بھجوادیں،وزارت خزانہ کی ہدایت

صوبائی خود مختار اداروں کو درکار زرمبادلہ کو متعلقہ صوبائی حکومت کے مجموعی زرمبادلہ کے بجٹ میں شامل کیا جائیگا۔

وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سے آئندہ مالی سال 2013-14 کیلیے درکار غیر ملکی زرمبادلہ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

اس ضمن میں''ایکسپریس''کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزارت خزانہ کی طرف سے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 5 مارچ 2013 تک اپنی ڈیمانڈ وزارت خزانہ کو بھجوادیں تاکہ وزارتوں اور ڈویژنوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اگلے مالی سال کیلیے زرمبادلہ کا بجٹ بنایا جائے دستاویز کے مطابق وزارت خزانہ کی طرف سے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں جو ترقیاتی منصوبے پیش کیے جارہے ہیں۔


ان میں اگر کوئی غیر ملکی امداد شامل ہے تو اسکے بارے میں بھی تفصیل فراہم کی جائے اور ایسی ترقیاتی اسکیمیں و پراجیکٹ جن میں غیر ملکی زرمبادلہ(فارن ایکسچینج) شامل ہیں انکی مجموعی لاگت بتائی جائے اور یہ بھی بتایا جائے ان اسکیموں میں حکومت کی طرف سے کتنے فنڈز خرچ کرنا ہیں اور غیر ملکی امداد کا کتنا حصہ ہے جبکہ وزارتوں اور ڈویژنوں کو اگلے مالی سال کیلیے اخراجات جاریہ اور ترقیاتی اخراجات کیلیے الگ الگ تفصیل فراہم کرنا ہوگی اور ترقیاتی اخراجات کی تفصیلات انیکس 5 میں جبکہ اخراجات جاریہ کی تفصیل انیکس 6 میں دینا ہوگی۔



اس کے علاوہ وزارتوں و ڈویژنوں کو ترقیاتی اخراجات اور اخراجات جاریہ کو علیحدہ علیحدہ دو حصوں میں درج کرنا ہوگا جس میں ہر شعبے کیلیے درکار کیش زرمبادلہ اور اشیا کی صورت میں درکار مدد کے بارے میں بھی بتانا ہوگا جبکہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے ماتحت خودمختار اداروں کو درکار زرمبادلہ کی تفصیلات علیحدہ سے فراہم کرنا ہونگی۔ انہیں وزارتوں و ڈویژنوں کے تخمینہ جات میں شامل نہیں کیا جائیگا تاہم صوبائی خود مختار اداروں کو درکار زرمبادلہ کو متعلقہ صوبائی حکومت کے مجموعی زرمبادلہ کے بجٹ میں شامل کیا جائیگا۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی وزارت یا ڈویژن کو یکمشت (لمپ سم) رقم فراہم نہیں کی جائیگی جس وزارت کو بھی زرمبادلہ درکار ہوگا اسے تمام آئٹمز کی تفصیلات دینا ہونگی۔
Load Next Story