پلیئرز کو انٹرنیشنل ہاکی کے زیادہ مواقع دیے جائیں محمد عرفان

عالمی ٹیموں سے کھیل کر ہی فٹنس اور کارکردگی میں بہتری آئیگی، قومی کپتان


Sports Reporter October 30, 2017
فٹنس کا معیار پہلے سے قدرے بہتر ہوا ہے، محمد عرفان۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عرفان کا کہنا ہے کہ آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کے حصول کے لیے نہ صرف ٹیم کی ٹریننگ کے عمل کو جاری رکھنا ہوگا بلکہ کھلاڑیوں کوغیر ملکی ٹیموں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ کھیلنے کے مواقع بھی فراہم کرنا ہوں گے۔

''ایکسپریس'' سے بات چیت میں ان کا کہناتھا کہ بھارتی ٹیم کے کھلاڑی لیگ سے لیکر انٹرنیشنل سیریز میں سارا سال مصروف رہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بلو شرٹس کی کارکردگی میں بڑی تیزی سے بہتری آئی ہے، انٹرنیشنل مقابلوں میں عوامی توقعات کے مطابق نتائج کے حصول کیلیے قومی پلیئرز کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مقابلوں کے دوران ایکشن میں دکھائی دینے کی ضرورت ہے۔

محمد عرفان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کی طرف سے گرین شرٹس کو آسٹریلیا میں شیڈول 4 ملکی ٹورنامنٹ میں بھجوایا جانا خوش آئند ہے، ایونٹ میں شرکت کی وجہ سے نہ صرف کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار آئے گا بلکہ آئندہ برس ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھی مدد ملے گی۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ایشیاکپ میں پاکستانی ٹیم کو اصل مسئلہ میچ کا درست طریقے سے خاتمہ نہ کرسکنا تھا، ایونٹ میں پاکستان کی پرفارمنس قابل فخر نہیں رہی تاہم ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی پرفارمنس سے کہیں بہتر ہے، پاکستانی ٹیم دن بدن بہتری کی جانب جا رہی ہے، کھلاڑیوں کو جتنے زیادہ انٹرنیشنل میچز ملیں گے، پلیئرز کے کھیل میں اتنا ہی نکھار آتا جائے گا۔

ایک سوال پر محمد عرفان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایشیاکپ کے فائنل تک ضرور پہنچنا چاہیے تھا مگر بدقسمتی سے پہلے راؤنڈ میں جاپان اور بھارت کے خلاف ہماری پرفارمنس اور دوسرے سپر فور مرحلے میں ملائیشیا کے ہاتھوں شکست نے ہمیں تیسری پوزیشن کے لیے کھیلنے پر مجبور کیا، میری ذاتی رائے میں جاپان کے خلاف ہماری پرفارمنس ناقابل قبول حد تک بْری رہی جبکہ پہلے راؤنڈ میں بھارت کیخلاف بھی ہماری ہار کا مارجن بہت زیادہ تھا، اسی طرح سْپر فور مرحلے میں بھی ملائیشیا کے خلاف ہمارے کھلاڑی کلک نہیں کرپائے جس سے ہم میچ ہی نہیں ہارے بلکہ فائنل ہی سے آؤٹ ہوگئے۔

قومی کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں شکستوں کے بعد پی ایچ ایف انتظامیہ کی جانب سے منیجمنٹ میں تبدیلی سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس میں بہتری آئی ہے۔ فٹنس کا معیار پہلے سے قدرے بہتر ہوا ہے، اسی طرح کھلاڑیوں کے کوچز کے زیر نگرانی مسلسل ٹریننگ میں رہنے سے ان کے کھیل میں بھی بہتری آئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں