مجھے جامعہ کراچی کا طالبعلم ہونے پر فخر ہے ڈاکٹر قدیر خان

یونیورسٹی کے طلبانہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ملک کانام روشن کررہے ہیں، ممتاز ایٹمی سائنسدان


Staff Reporter October 30, 2017
ایٹمی سائنسدان کا پوسٹرسازی مقابلے کی تقریب سے خطاب، طلبا میں شیلڈ تقسیم کیں۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ مجھے جامعہ کراچی کا طلب علم ہونے پر فخر ہے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے جامعہ کراچی کے ڈاکٹر اے کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈجینیٹک انجینئرنگ میں منعقدتقریب سے خطاب کیا، انہوں نے طلبا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ بازار میں فروخت ہونے والی کھانے پینے کی اشیاسے اجتناب کیا جائے کیونکہ یہ وہ واحد ملک ہے جس میں میں نے دیکھا ہے کہ دوا اور کھانے پینے کی اشیامیں اتنی ملاوٹ ہوتی ہے کہ دنیا کے کسی غریب سے غریب ملک میں نہیں ہوتی۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ جامعات آزادماحول میں پنپتی ہیں،گھٹن کے ماحول میں نہیں،عدم برداشت کو اتنافروغ دیا گیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہی بھول گئے ، ڈائیلاگ اور مکالمے کے کلچر کو فروغ دے کر ہی معاشرے میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹرعابد اظہر،پاکستان اکیڈمی آف سائنسزکے صدر ڈاکٹر انورنسیم ،سابق گورنر سندھ جنرل معین الدین حیدر،ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری اورسلطان چاؤلہ بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر نے کلمات تشکر اداکرتے ہوئے کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی جامعہ کراچی آمد ہم سب کے لیے اعزاز کی بات ہے جس کے لیے ہم سب ان کے بیحد مشکور ہیں۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹرعبدالقدیرخان نے انسٹیٹیوٹ کے ملازمین کیلیے حج اور عمرہ کی قرعہ اندازی کی اور پوسٹرسازی کا مقابلہ جیتنے والے طلبا میں شیلڈ ز تقسیم کیں،پوسٹر سازی مقابلے میں رمشا خان نے پہلی ، محسن منان اور محمد رضوان نے باالترتیب دوسری پوزیشن حاصل کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں