تنقید کا نشتر کھا کر سوئے ہوئے پاکستانی شیر جاگ اٹھے

عمرگل نے صرف6رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، محمد حفیظ نے 3 وکٹوں کیلیے25رنز دیے۔

دوسراٹی 20میچ :عمر گل کا جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسس کی وکٹ لینے پر فاتحانہ انداز۔ فوٹو: اے ایف پی

تنقید کے نشتر کھا کر پاکستانی سوئے ہوئے شیر جاگ اٹھے، دوسرے ٹوئنٹی 20 میں 95رنز کی آسان فتح نے ٹیم کو فاتح ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانے کا موقع فراہم کر دیا۔

پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، اسی کے ساتھ گرین شرٹس نے رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے چھٹی سے تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا، ٹیسٹ سیریز میں مایوس کن کھیل پیش کرنے والے محمد حفیظ نے اتوار کو طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے کیریئر کا بہترین اسکور86 بنا دیا،بدقسمتی سے ہٹ وکٹ ہونے کے سبب وہ سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز نہ پا سکے،آل رائونڈر نے بعدازاں تین پلیئرز کو آئوٹ کر کے جیوری کیلیے مین آف دی میچ کا فیصلہ انتہائی آسان کر دیا، ٹیسٹ کے ایک اور ناکام کھلاڑی عمر گل نے صرف 6رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کر لیں،196 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان جنوبی افریقہ نے صرف 100رنز پر ہتھیار ڈال دیے، یہ مختصر طرز میں اس کا سب سے کمترین اسکور ہے۔

تفصیلات کے مطابق سنچورین میں بادل چھائے رہے مگر میچ شروع ہوا تو حفیظ پروٹیز بولرز پر برس پڑے، ان کی آمد سے قبل ناصر جمشید اور احمد شہزاد نے ٹیم کو مناسب آغاز فراہم کیا، ڈیبیو ٹیسٹ میں تباہی مچانے والے کائل ایبٹ ٹی ٹوئنٹی میں تاثر نہ چھوڑ سکے، ان کے دوسرے اوور میں 17رنز بن گئے، سوٹسوبے نے پروٹیز کو پہلی وکٹ دلائی ،ناصر جمشید (13) نے مڈ وکٹ پر اونٹونگ کو آسان کیچ تھمایا، اس کے ساتھ ہی کریز پر حفیظ کی آمد ہوئی جو ٹیسٹ سیریز کی مایوس کن کارکردگی کا ازالہ کرنے کیلیے بے چین تھے،6ٹیسٹ اننگز میں محض43رنز بنانے والے آل رائونڈر نے ڈیل اسٹین، فلینڈر اور مورکل کا غصہ ناتجربہ کار بولرز پر اتارا،6 سے 14 تک کوئی اوور ایسا نہ تھا جس میں 10سے کم رنز بنے ہوں، پروٹیز کپتان ڈوپلیسس کیلیے 11فیلڈرز کم پڑ گئے۔




حفیظ کو گیند فٹبال کے جیسی نظر آ رہی تھی اور وہ باآسانی اسے بائونڈری کے پار پہنچاتے رہے، احمد شہزاد کا کھیل بھی قابل دید تھا، وہ ریورس سوئپ کھیلنے کی ناکام کوشش کے بعد غیرضروری رن لینے کی کوشش میں 46پر وکٹ گنوا بیٹھے، یوں48گیندوں پر 83رنز کی شراکت کا خاتمہ ہوگیا، حفیظ نے اگلی گیند پر سنگل سے مسلسل تیسری نصف سنچری مکمل کی جو صرف 30گیندوں کی محتاج رہی،14ویں اوور میں اونٹونگ نے 19رنز کی پٹائی برداشت کی، عمر اکمل (11) مورس کی گیند ڈوپلیسس کے ہاتھوں میں پہنچا کرچلتے بنے تو کریز پر شعیب ملک آئے،17ویں اوور میں کلینویلڈ نے 2کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا، حفیظ نے کور پر چوکا لگایا مگر اس دوران ان کے پیر وکٹوں سے جا ٹکرائے،انھوں نے51بالز پر 86رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

شعیب ملک (7)شارٹ تھرڈمین پر ملر کو کیچ دے بیٹھے، اس دوران رن ریٹ برقرار نہ رہ سکا، آفریدی نے 19رنز ناٹ آئوٹ بنا کر ٹیم کا اسکور7وکٹ پر 195تک پہنچایا، آخری اوور میں عمر گل (1) ایبٹ کی گیند پر فرحان کو کیچ دے بیٹھے، سعید اجمل صفر پر ناٹ آئوٹ رہے۔ 196رنز کا مشکل ہدف دیکھ کر جنوبی افریقی بیٹسمین دبائو کا شکار نظر آئے، ایک سال بعد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے پیسر جنید خان نے اپنی چھٹی ہی گیند پر ہنری ڈیوڈز (7) کو سعید اجمل کا کیچ بنوا دیا، ابراہم ڈی ویلیئرز نے اس کا اثر نہ لیتے ہوئے عرفان اور جنید کی گیندوں پر کئی جارحانہ اسٹروکس کھیلے، پانچویں اوور میں عمر گل کا گیند سنبھالنا میزبان بیٹنگ کیلیے تباہ کن ثابت ہوا اور وہ تین وکٹیں لے اڑے، کپتان فاف ڈو پلیسس نے(6) کامران کو کیچ دیا جنھوں نے دوسری کوشش میں گیند سنبھالی۔



اگلی بال پر کرس مورس تھرڈ مین پر سعید اجمل کا کیچ بنے، ہیٹ ٹرک سے محروم رہنے والے پیسر نے آخری بال پر جسٹن اونٹونگ (صفر) کو بھی ایل بی ڈبلیوکر دیا، عرفان بھی پیچھے نہ رہے، انھوں نے ڈینجرمین ڈی ویلیئرز (36) کی یارکر پر بیلز اڑا دیں، عمر گل نے فرحان بہردیان (صفر) کو احمد شہزاد کی مدد سے آئوٹ کر کے چوتھی وکٹ لی، کچھ دیر بعد احمد شہزاد نے اپنی دائیں جانب ڈائیو لگا کر شاندار کیچ سنبھالا، ڈیوڈ ملر صرف9رنز بنا سکے، یوں میزبان نے صرف17رنز کے دوران 7 وکٹیں گنوا دیں۔

کلینویلڈ اور پیٹرسن نے سعید اجمل کے اوور میں 17رنز بٹور کر ٹیم کا اسکور کچھ آگے بڑھایا،کلینویلڈ (22)نے حفیظ کو مسلسل دو چھکے رسید کیے مگر پھر ڈیپ ایکسٹرا کور پر عمراکمل کا کیچ بن گئے،اگلی گیند پر پیٹرسن (13)نے آفریدی کو کیچنگ پریکٹس کرائی، پانچویں وکٹ عمر گل کے نصیب میں تھی جنھوں نے ایبٹ (2)کو وکٹوں کے عقب میں کامران کا کیچ بنوایا، سوٹسوبے صفر پر ناٹ آئوٹ رہے، جنوبی افریقی ٹیم12.2اوورز میں اپنی تاریخ کے کمترین اسکور 100پر ڈھیر ہوئی، عمرگل نے صرف6رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، محمد حفیظ نے 3 وکٹوں کیلیے25رنز دیے۔
Load Next Story