دوسرا ٹیسٹ پجارا اور مرلی وجے نے کینگروز کو تگنی کا ناچ نچا دیا

294 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے میزبان ٹیم کا پہلی اننگز میں مجموعہ ایک وکٹ پر 311 تک پہنچا دیا۔


Sports Desk March 04, 2013
بھارتی بیٹسمین چتیشور پجارا گیند کو باؤنڈری کی راہ دیکھا رہے ہیں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

چتیشور پجارا اور مرلی وجے نے آسٹریلوی بولرز کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔

294 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے میزبان ٹیم کا پہلی اننگز میں مجموعہ ایک وکٹ پر 311 تک پہنچا دیا، کینگروز 17پر وریندر سہواگ( 6) کو آئوٹ کرنے کے بعد سارا دن مزید کسی کامیابی کو ترستے رہے، دھونی الیون کو 74 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد ٹیسٹ کا دوسرا روز آسٹریلوی ٹیم کیلیے ڈرائونا خواب ثابت ہوا، وریندر سہواگ کل کے اسکور میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 6 پر پیٹر سڈل کا شکار بنے تو ٹوٹل 17تھا۔

مرلی وجے اور چتیشور پچارا نے پہلے نقصان کے بعد لنچ تک کا وقت بڑے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ہوئے گزارا، صبح کے سیشن میں صرف 49 رنز بن سکے، چنئی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکامی کے بعد ٹیم میں جگہ بچانے کیلیے کوشاں مرلی وجے خاص طور پر بہت سنبھل کر کھیلے، چائے کے وقفے تک دونوں نے 106رنز کا اضافہ کیا،آخری سیشن میں رنز کی رفتار میں مزید تیزی آئی دونوں بیٹسمینوں نے سنچریاں مکمل کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ کھیل کے اختتام تک 311 تک پہنچادیا،خاص طور پر پجارا کا انداز زیادہ جارحانہ رہا۔

انھوں نے ناقابل شکست 162رنز کیلیے 251گیندیں صرف کیں، 25 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، مرلی وجے 288 بال کھیل کر 129پر ناٹ آئوٹ پویلین واپس گئے، 17چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، واحد کامیاب بولر پیٹر سڈل نے ایک وکٹ کیلیے 51 رنز دیے، اسپن وکٹوں پر آسٹریلوی امیدوں کا مرکز زیویئر ڈہورٹی 2 سال بعد ٹیم میں واپسی کو یادگار نہ بناسکے اور 85 رنز دینے کے باوجود ناکام رہے۔

جیمز پیٹنسن 56، موسس ہینرکس 38 رنز دے کر بھی وکٹ کو ترستے رہے، کلارک نے میکسویل کو بھی آزمایا جو 10اوورز میں 55 دیتے ہوئے غیر موثر بولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے۔ میزبان ٹیم آج 74رنز کی برتری کے ساتھ اننگز کا دوبارہ آغاز کرے گی، توقعات کے مطابق رنز کا پہاڑ کھڑا ہوگیاتو کینگروز کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لالے پڑ جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں