میکسیکو اوپن نڈال نے فیرر کی حسرتوں کا چراغ گل کردیا

نڈال نے فیرر کو 6-0, 6-2 سے شکست دے کر اپنا 38واں کلے کورٹ ٹائٹل جیت لیا۔


AFP March 04, 2013
رافیل نڈال کو اپنا 52 واں اے ٹی پی ٹور ٹائٹل جیتنے میں صرف 65 منٹ لگے۔ فوٹو : فائل

اسپین کے رافیل نڈال نے میکسیکن اوپن کے فائنل میں ہم وطن کھلاڑی ڈیوڈ فیرر کو پچھاڑ کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ویمنز فائنل میں اٹلی کی ٹاپ سیڈ سارا ایرانی نے اسپین کی سیکنڈ سیڈ کارلا سوریز نوارو کو آسانی سے 6-0, 6-4 سے زیر کرلیا۔ سابق عالمی نمبر ایک اب تک کسی بھی ہم وطن کھلاڑی سے فائنل میں نہیں ہارے ہیں۔ انھوں نے اپنا یہ ریکارڈ برقرار رکھا اور تین مرتبہ کے چیمپئن فیرر کو 6-0, 6-2 سے شکست دے کر اپنا 38واں کلے کورٹ ٹائٹل جیت لیا۔ گیارہ مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح کو 52 واں اے ٹی پی ٹور ٹائٹل جیتنے میں صرف 65 منٹ لگے۔ 26 سالہ نڈال نے کسی بھی موقع پر فیرر کو مقابلے میں جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا ۔

فیرر مسلسل تین سال 2010, 2011 اور 2012 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ میچ کے اختتام پر نڈال نے عالمی نمبر چار اور ٹاپ سیڈ فیرر کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس نتیجے پر دکھ ہے لیکن میں جانتا تھا کہ فیرر گیم میں آئیں گے، میں انھیں اس دور کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھتا ہوں۔ جواب میں 30 سالہ فیرر نے کہا کہ میں رافیل کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، وہ ایک آسان پلیئر نہیں ہیں، اگر مجھے ہارنا ہے تو رافیل سے ہارنے پر میں خوش ہوں۔ میکسیکو اوپن کے ویمنز فائنل میں اٹلی کی ٹاپ سیڈ سارا ایرانی اور اسپین کی سیکنڈ سیڈآمنے سامنے تھیں۔

ایرانی نے انتہائی آسانی سے اسٹریٹ سیٹس میں نوارو کو چھ، صفر اور چھ ، چار سے شکست دے کر فتح سمیٹ لی۔ ادھر ڈیلرے بیچ ، فلوریڈا میں جاری ڈیلرے بیچ انٹرنیشنل چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز میں امریکا کے ٹاپ سیڈ جون اسنر اور جرمنی کے سیکنڈ سیڈ ٹومی ہاس کو شکست کا مزا چکھنا پڑا۔ لٹویا کے ان سیڈڈ پلیئر ارنسٹس گلبز نے ٹومی ہاس کو 6-3, 4-6 اور 7-6 (7/2) سے ہراکر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ گلبز نے آخری پانچ پوائنٹس حاصل کرکے 6-5کی برتری حاصل کی اور پھر ٹائی بریکر میں آخری سات میں سے چھ پوائنٹس حاصل کیے۔

دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کے روجر ویسیلن نے امریکی ٹاپ سیڈ جون اسنر کو 6-4, 4-6 اور 6-4 سے زیر کیا۔ جیت کے بعد ویسیلن ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے فرانسیسی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ عالمی 109 رینکڈ پلیئر گلبز اس ایونٹ میں تیسرا اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے کی جستجو کررہے ہیں۔ 2010 میں انھوں نے پہلا ٹور ٹائٹل جیتا تھا۔ گلبز سے 90 درجے بلندی پر موجود سابق عالمی نمبر دو ہاس کو اس ایونٹ میں 14 ویں کیریئر ٹائٹل کے حصول میں ناکامی ہوئی جہاں انھوں نے 2006 میں فتح حاصل کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں