پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ویب سائٹ ہی بند کردی

’ایکسپریس ‘نے نشان دہی کی تھی کہ پی ایچ ایف کی ویب سائٹ شائقین ہاکی کے لیے مایوسی کا سبب بن رہی ہے۔


شائقین کو معلومات کے حصول میں پریشانی کا سامنا، وقتی طور پر معطل کیا ہے، رانا مجاہد۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر اپنی ویب سائٹ بند کر دی جس کے سبب قومی ہاکی کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے رجوع کرنے والے شائقین کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مذکورہ ویب سائٹ پہلے ہی غفلت کا شکار تھی اور پاکستان ہاکی کی سرگرمیوں کو جاری کرنے میں بے اعتنائی برتی جاتی تھی، دریں اثناء رابطے پر پی ایچ ایف کے ایسوسی ایٹ سیکریٹری اولمپئن رانا مجاہد خان نے کہا کہ فیڈریشن کی ویب سائٹ کوبند نہیں کیا جاسکتا البتہ یہ ممکن ہے کہ اسے اپ ڈیٹ کرنے کی خاطر وقتی طور پر معطل کیا گیا ہو۔

واضح رہے کہ 'ایکسپریس 'نے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے قبل اس امر کی نشان دہی کی تھی کہ بے توجہی کا شکار پی ایچ ایف کی ویب سائٹ شائقین ہاکی کے لیے مایوسی کا سبب بن رہی ہے جس پر قومی ہاکی کی تازہ ترین سرگرمیاں تو درکنار جاری انٹر نیشنل ایونٹس کی روداد تک نہیں دی جاتی، جس سے قومی کھیل کے چاہنے والے کوفت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ دریں اثناء شائقین ہاکی نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایچ ایف جلد از جلد نہ صرف اپنی ویب سائٹ کو بحال کرے بلکہ اسے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے جبکہ ملائیشیا کے شہرمیں 7مارچ سے شروع ہونے والے22 ویں سلطان اذلان شاہ انٹر نیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کے میچز کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی کا اہتمام کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں