سری لنکا کیخلاف امپائرنگ نے احسن رضا کو جذباتی کر دیا

8 سال قبل لاہور حملے میں شدید زخمی ہونے والے میچ آفیشل میدان میں قومی ترانہ سن کر آبدیدہ


Saleem Khaliq October 31, 2017
آفیشلز، ریفری ،پلیئرز اورآئی سی سی حکام سب ہی سیکیورٹی انتظامات سے متاثر نظر آئے، امپائر۔ فوٹو : فائل

لاہور میں کھیلے جانیوالے سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں امپائرنگ نے احسن رضا کو جذباتی کر دیا۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احسن رضا نے کہا کہ مجھے میدان میں اترتے وقت کسی قسم کا کوئی خوف نہیں تھا،جس وقت میچ سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا میری آنکھوں سے آنسو رواں ہو گئے، سری لنکن کپتان تھشارا پریرا نے میری کمر پر ہاتھ رکھ کر کہا کہ '' میں تمہارے احساسات سمجھ سکتا ہوں، تم بہت بہادر انسان ہو''، ٹاس کے وقت ہی میں نے ساتھی امپائر سے کہہ دیا تھا کہ پہلے اوور میں امپائرنگ کروں گا۔

امپائر نے کہا کہ میرے ملک میں کرکٹ لوٹ آئی اس سے بڑی خوشی کی بات کوئی ہو ہی نہیں سکتی، میرا قیام ٹیموں کے ساتھ ہی ہوٹل میں تھا، وہاں ناشتے یا کھانے کے وقت پلیئرز اور آفیشلز سے ملاقاتیں ہوتی رہتی تھیں، سب ہی پاکستانی سیکیورٹی انتظامات سے بہت زیادہ متاثر دکھائی دیے، آئی سی سی کے جی ایم جیف ایلرڈائس کا تعلق آسٹریلیا سے ہے انھوں نے بھی سیکیورٹی کو سراہا ، دیگر افراد بھی مطمئن نظر آئے، میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے کہا کہ یہاں اتنے اچھے انتظامات کیے گئے کہ ایک کے بجائے دو میچز کا انعقاد بھی ممکن تھا۔

احسن رضا نے کہا کہ میں اب آئندہ برس انڈر19 ورلڈ کپ میں امپائرنگ کروں گا، یہ میرا آٹھواں آئی سی سی ایونٹ ہو گا، یوں میں اسد رؤف کو پیچھے چھوڑ دوں گا، مجھ سے آگے صرف علیم ڈار ہوں گے، انھوں نے کہا کہ میرے کیریئر میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کا گہرا اثر پڑا، میں موت کے منہ سے واپس آیا، اب اسی شہر میں واقعے سے متاثرہ ٹیم کا دوبارہ میچ ہونے پر احساسات ناقابل بیان ہیں۔

امپائر نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو چکی،حالات کی بہتری میں پاک فوج کا اہم ترین کردار ہے، اس کا بڑا کریڈٹ پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی کو بھی جاتا ہے،انھوں نے دیگر بورڈز کو قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، وہ وقت دور نہیں جب جلد آئی سی سی ایونٹس بھی یہاں ہوا کریں گے۔

واضح رہے کہ مارچ 2009میں جب سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملہ ہوا تو اس وقت امپائر احسن رضا بھی شدید زخمی ہوئے تھے، اب اسی ٹیم نے جب دوبارہ پاکستان کا دورہ کیا تو انھیں امپائرنگ کا موقع ملا

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں