شہباز حدیبیہ ماڈل ٹاؤن کیس میں دھر لیے جائیں گے شیخ رشید

ن لیگ کے اندر سے تبدیلی آئے گی، ایک بڑی تعداد جوگر پہنے بیٹھی ہے،سربراہ عوامی مسلم لیگ

عوام اداروں کیساتھ کھڑے ہیں، ن لیگ کے اندر سے تبدیلی آئے گی، سربراہ عوامی مسلم لیگ۔ فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف حدیبیہ پیپر ملز اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں دھر لیے جائیں گے۔

شیخ رشید نے نے کہا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گی، شہباز شریف حدیبیہ پیپر ملز اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں دھر لیے جائیں گے، کرپشن کے خاتمے کی جنگ آخری مرحلے میں داخل ہو چکی، کرپشن اور پاکستان اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے، انہوں نے عوام اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، اداروں کے خلاف منصوبہ بندیاں کرنے والے ناکام ہوں گے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ن لیگ کے اندر سے تبدیلی آئے گی، ایک بڑی تعداد جوگر پہنے بیٹھی ہے، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین جلد اپنا فیصلہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں وقت سے پہلے بات کر دیتا ہوں جسے پورا ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز ٹورنٹو کینیڈا میں ملاقات کی، اس دوران ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


طاہر القادری نے کہا میرا ذاتی خیال ہے کہ اشرافیہ اب سیاست میں نہیں رہے گی۔ ان کا خاتمہ ہو چکا، پاکستان کی حکومت لندن شفٹ ہو چکی، ملک بیرون ملک سے چل رہا ہے، امید ہے کہ چیئرمین نیب قوم کی توقعات اور آئینی تقاضوں پر پورا اتریں گے، ٹیکنو کریٹ پر مشتمل حکومت کے بارے میں معلومات صرف میڈیا سے مل رہی ہیں، الیکشن کب ہوں گے، کس نظام کے تحت اور کس شکل میں ہوں گے فی الحال اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں دائر حکومتی انٹرا کورٹ اپیل میں سرکاری وکلا کی بحث تقریباً مکمل ہو چکی، جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر آ جانی چاہیے، اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماعات سے خطاب کروں گا، ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ لنچ کیا جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ چیئرمین نیب کو ذاتی طور پر نہیں جانتا، ملکی مستقبل کے فیصلے میں نیب کا بڑا اہم رول ہے، اس نظام کے تحت مزید الیکشن ہوئے تو مزید نواز شریف جنم لیں گے، دیکھنا یہ ہے کہ ملک کی ترقی، بقا اور بہتری کس نظام سے ممکن ہے، ماڈل ٹاؤن کیس میں تیزی آئی ہے، ہم انصاف کے منتظر ہیں، اشرافیہ بیرون ملک بیٹھ کر قانون اور اداروں کا مذاق اڑا رہی ہے، دیکھتے ہیں یہ تماشا کب تک چلتا ہے۔

 
Load Next Story