دہشتگردوں کو عبرتناک سزا دی جائے سیاسی و مذہبی رہنمائوں کا مطالبہ

نوازشریف، عمران، طاہرالقادری، فضل الرحمن، شجاعت ، ثروت اعجاز ودیگر کا اظہار مذمت


Staff Reporter March 04, 2013
نوازشریف، عمران، طاہرالقادری، فضل الرحمن، شجاعت ، ثروت اعجاز ودیگر کا اظہار مذمت فوٹو: فائل

مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں ، گورنر، وزرائے اعلیٰ اور دیگر شخصیات نے سانحہ عباس ٹائون کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور زخمیوں کی مکمل صحتیابی کی دعا کی ہے۔

انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمے داروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے عبرت کا نشان بنایا جائے۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی، مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن ، نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی، اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی، چیئرمین سینیٹ نیر حسین بخاری، وفاقی و صوبائی وزرا اور دیگر نے کراچی میں دہشت گردی کی ہولناک واردات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے عباس ٹائون میں بم دھماکے کو بدترین دہشت گردی قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انھیں عبرتناک سزا دی جائے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا سلیم اللہ خان، ڈاکٹرعبدالرزاق سکندر، مفتی محمد رفیع عثمانی، قاری حنیف جالندھری،جمعیت علمائے اسلام سندھ کے نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقائم امیربرجیس احمد، سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم، سیکریٹری جنرل حاجی حنیف طیب اور طارق محبوب، مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر، جماعت اہلسنت کراچی کے ناظم اعلیٰ محمد حسین لاکھانی، جماعت غرباء اہلحدیث کے مولانا عبدالرحمن سلفی، اتحاد بین المسلمین کونسل کے ڈاکٹرعامر محمدی و دیگر نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

9

رہنمائوں کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں، دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انھیں عبرتناک سزا دی جائے۔ حکمراں طبقہ ملک میں امن و امان قائم کرنے میں سنجیدہ نہیں، عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیاہے۔ آن لائن کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میںہونے والے بم دھماکوں اورجاری ٹارگٹ کلنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے معاشی مرکز میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔ حکومت کو فوری طورپر جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔ کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے کراچی میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو لہولہو کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں ۔ دھماکوں کا تسلسل حکومت کی ناکامی کا عملی ثبوت ہے، ریاستی اداروں کی بے بسی ملکی سالمیت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں