سندھ حکومت نے سانحہ عباس ٹاؤن میں دہشت گردوں کی اطلاع دینے والے کو 50 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی دہشت گردی کی وحشیانہ کارروائی میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے والے کو 50 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا جب کہ اس کا نام بھی صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے عباس ٹاؤن میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں اب تک 48 افراد جاں بحق ہوجکے ہیں، اس کے علاوہ دو رہائشی عمارتوں سمیت سیکڑوں دکانیں اور دو نجی بینک بھی مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں ۔