بھارتی ہاکی ٹیم 7 سال بعد اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی

طے پانے والے شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں پاکستانی ٹیم 3 اپریل کو بھارت جبکہ بھارتی ٹیم 23 اپریل کو پاکستان آئے گی۔

بھارتی ٹیم دورہ پاکستان کے دوران فیصل آباد، کراچی، سیالکوٹ میں ایک، ایک جبکہ لاہور میں 2 میچ کھیلے گی، فوٹو:اے ایف پی/فائل

پاکستان اوربھارت کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان معاملات طے پاگئے جس کے تحت پاک بھارت ہاکی سیریز اپریل میں ہوگی۔

لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی ہاکی فیڈریشنز کے درمیان طے پانے والے شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں قومی ہاکی ٹیم 3 اپریل کو بھارت جائے گی اور وہاں 5 شہروں میں میچز کھیلے گی جب کہ دوسرے مرحلے میں بھارتی ٹیم 23 اپریل کو پاکستان آئے گی اور فیصل آباد، کراچی، سیالکوٹ میں ایک، ایک جبکہ لاہور میں 2 میچز کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان ہاکی سیریزکی بحالی ان کا ایک خواب تھا جو اب پورا ہونے جارہا ہے۔


سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی سیریز سے ہاکی کو فروغ ملے گا اور فیڈریشن کو بھی مالی فائدہ ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2006 میں بھارتی ہاکی ٹیم نے پاکستان میں 3 میچوں کی سیریز کھیلی جو پاکستان نے 1-2 سے اپنے نام کی ۔
Load Next Story