اہرامِ مصر میں ایک اور خفیہ مقام کی دریافت

یہ پہلا موقعہ ہے جب کائناتی شعاعوں میں شامل ذرّات استعمال کرتے ہوئے اہرامِ مصر کے حوالے سے کوئی اہم دریافت کی گئی ہے


علیم احمد November 02, 2017
فرعونِ خوفو کا یہ ہرم آج دنیا بھر میں ’’عظیم ہرم‘‘ (گریٹ پیرامڈ) کے نام سے مشہور ہے۔ (فوٹو: نیچر)

KARACHI: مصری ماہرین کی قیادت میں سائنسدانوں کی ایک عالمی ٹیم نے غزا میں واقع ''عظیم ہرم'' (گریٹ پیرامڈ) میں ایک ایسا پوشیدہ مقام دریافت کرلیا ہے جس کے بارے میں اس سے پہلے کسی کو کچھ پتا نہیں تھا۔

ریسرچ جرنل ''نیچر'' میں شائع ہونے والی تازہ رپورٹ کے مطابق یہ دریافت اس لحاظ سے منفرد ہے کیوںکہ اس کےلیے نہ تو روشنی کا استعمال کیا گیا ہے اور نہ ہی ایکسریز یا الٹراوائیلٹ شعاعوں کا، بلکہ یہ کارنامہ ''میوآن'' (muon) نامی ذرّات کی مدد سے انجام دیا گیا ہے جو خلا سے آنے والی ''کائناتی شعاعوں'' (کوسمک ریز) میں شامل ہوتے ہیں۔

پچھلے سال مصر میں ''اسکین پیرامڈز'' کے نام سے ایک تحقیقی منصوبہ شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد میوآن ذرّات استعمال کرتے ہوئے اہرامِ مصر کو کھنگالنا اور ان کے اسرار سے پردہ اٹھانا تھا۔ میوآن ذرّات اگرچہ ہوا سے لے کر موٹی چٹانوں اور پتھروں تک سے بہ آسانی گزر جاتے ہیں لیکن پتھروں کے مقابلے میں ہوا سے گزرتے وقت وہ اپنا راستہ معمولی سا تبدیل کرلیتے ہیں۔ میوآن ذرّات کی یہی خاصیت استعمال کرتے ہوئے انہیں پہلی بار اہرامِ مصر پر تحقیق میں آزمایا گیا جس سے حیران کن نتائج برآمد ہوئے۔



واضح رہے کہ مصر میں واقع ''عظیم ہرم'' کو فرعون ''خوفو'' کا ہرم بھی کہا جاتا ہے جو مصر پر 2509 قبلِ مسیح سے 2483 قبلِ مسیح تک حکمران رہنے والا فرعون تھا۔ یہ ہرم بھی اسی کا مقبرہ ہے لیکن ہم نہیں جانتے کہ اسے کس طرح تعمیر کیا گیا تھا۔



تحقیقی مہم کے نگرانوں میں مصر سے مہدی تیوبی جبکہ جاپان سے کونیہیرو موریشیما شامل تھے جن کی سرکردگی میں عظیم ہرم کے اندر یہ عجیب و غریب خالی جگہ دریافت کی گئی ہے۔ اس دریافت کی تفصیل بیان کرتے ہوئے مہدی تیوبی نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ عظیم ہرم کے اندر موجود یہ خلا (خالی جگہ) معمولی نہیں بلکہ یہ کم از کم 30 میٹر لمبا ہے جبکہ اس کی چوڑائی بھی تقریباً ''گرینڈ گیلری'' جتنی ہے، جو اسی ہرم کے نچلے حصے میں موجود ایک بڑی راہداری ہے۔



فی الحال سائنسدانوں نے صرف اس خالی جگہ ہی کو دریافت کیا ہے جبکہ سرِدست کوئی یہ نہیں جانتا کہ فرعون خوفو کے ہرم (پیرامڈ) میں اتنی بڑی خالی جگہ کسی غلطی کے نتیجے میں رہ گئی ہے یا اس ہرم کے معماروں نے جان بوجھ کر یہ جگہ خالی چھوڑ دی تھی۔ مزید تحقیق سے اس کی مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں