بالی وڈ اور داؤد ابراہیم کی بڑھتی ’ محبت ‘

انڈر ورلڈ ڈان کی زندگی پر فلمیں بنانے کا سلسلہ جاری ہے


Muhammad Imran March 05, 2013
انڈر ورلڈ ڈان کی زندگی پر فلمیں بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو : فائل

ممبئی کی زیر زمین دنیا اس شہر میں قائم ہندی فلم انڈسٹری کے لیے ہمیشہ سے پُرکشش رہی ہے۔

بولی وڈ کے فلم سازوں اور انڈرورلڈ کی باہمی ' محبت' نے فلم انڈسٹری کو درجنوں ہٹ فلمیں دی ہیں۔ بولی وڈ اور انڈرورلڈ کے درمیان یہ تعلق مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جارہا ہے جس کا اندازہ حالیہ عرصے میں ریلیز کی گئی اور آئندہ ریلیز ہونے والی فلموں سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

ممبئی کی زیرزمین دنیا کا بے تاج بادشاہ، داؤد ابراہیم ہندی فلم سازوں کی توجہ کا خصوصی مرکز ہے۔ داؤد ابراہیم کی زندگی اور اس کی بدنام زمانہ '' ڈی کمپنی'' پر کئی فلمیں بنائی جاچکی ہیں اور کئی بنائی جارہی ہیں۔ معروف ڈائریکٹر رام گوپال ورما زیرزمین دنیا سے متعلق فلمیں بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

2002ء میں انھوں نے '' کمپنی'' کے نام سے ایک فلم بنائی تھی۔ اس فلم کی کاسٹ میں اجے دیوگن، ویویک اوبرائے اور منیشا کوائرالا شامل تھے۔ اس فلم میں اجے دیوگن کا کردار داؤد ابراہیم سے متاثر تھا۔ یہ فلم بے حد کام یاب رہی تھی۔ 2005ء میں رامو نے اس فلم کا سیکوئل پیش کیا جس کا ٹائٹل '' ڈی '' تھا۔ رندیپ ہودا، چنکی پانڈے اور ایشا کوپیکر اس فلم کے نمایاں اداکار تھے۔ اس فلم میں داؤد ابراہیم کی تنظیم '' ڈی کمپنی'' کی سرگرمیوں کو موضوع بنایا گیا تھا۔ '' کمپنی'' کی طرح اس فلم نے بھی پروڈیوسر کے بینک بیلینس میں نمایاں اضافہ کیا۔

بعدازاں 2004ء میں '' بلیک فرائیڈے''، 2007ء میں ''شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا '' اور پھر 2010 ء میں '' وَنس اپون اے ٹائم اِن ممبئی'' نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔ یہ تمام فلمیں کسی نہ کسی حوالے سے انڈرورلڈ کے اس ڈان کی زندگی سے متاثر تھیں۔ ان تمام فلموں نے باکس آفس پر شان دار کارکردگی دکھائی تھی۔ داؤد ابراہیم کی زندگی پر بنائی جانے والی فلموں کی مسلسل کام یابی نے فلم سازوں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ اس موضوع کو گھما پھرا کر سنیما اسکرین پر پیش کرتے ہیں۔

رواں برس بھی بولی وڈ ممبئی کی زیر زمین دنیا سے متعلق کئی فلمیں پیش کر رہا ہے جس میں کسی نہ کسی طرح داؤد ابراہیم کا کردار بھی شامل ہے۔ '' وَنس اپون اے ٹائم اِن ممبئی ٹو'' میں اکشے کمار کو انڈرورلڈ کے اس ڈان کا کردار دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر ملن لوتھریا نے اس فلم میں انڈر ورلڈ ڈان کی زندگی کے رومانوی پہلو پر توجہ مرکوز کی ہے اور ماضی کی ایک معروف اداکارہ کے ساتھ اس کے تعلقات کو فلم کا موضوع بنایا ہے۔ یہ کردار سناکشی سنہا ادا کر رہی ہے۔ پروڈیوسر امیت چندرا اور کمار ترانی نے ویویک اوبرائے کو دو فلموں میں سائن کرلیا ہے، اس کے علاوہ '' اب تک چھپن'' کے سیکوئل کی تیاریاں بھی کی جارہی ہیں۔ یہ تینوں فلمیں بھی داؤد ابراہیم کی زندگی سے متعلق ہیں۔

کئی حلقوں کی جانب سے بولی وڈ کی داؤد ابراہیم کے ساتھ بڑھتی ہوئی ' محبت 'پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔ ان کا موقف ہے کہ بولی وڈ کے فلم ساز خطرناک مجرموں کو ہیرو بناکر پیش کررہے ہیں، جس سے نوجوانوں کو جرائم کی دنیا کا حصہ بننے کی ترغیب مل رہی ہے۔ تاہم داؤد ابراہیم کی زندگی پر بنائی جانے والی فلموں کی تعداد کے پیش نظر کہا جاسکتا ہے کہ فلم سازوں کی نظر صرف اپنے مالی مفاد پرہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں