سیمنٹ کی برآمدات میں گزشتہ ماہ 1540 فیصد اضافہ

مقامی فروخت 1.16 فیصد بڑھی، مجموعی سپلائی میں جولائی تا فروری4.01 فیصد اضافہ۔


Business Reporter March 05, 2013
مقامی فروخت 1.16 فیصد بڑھی، مجموعی سپلائی میں جولائی تا فروری4.01 فیصد اضافہ۔ فوٹو : فائل

پاکستان سے سیمنٹ کی برآمدات میں فروری کے دوران سال بہ سال 15.40 فیصد کا اضافہ ہوا لیکن مقامی فروخت میں جمود دیکھنے میں آیا جو جنوری 2013 کی نسبت صرف 1.16 فیصد بڑھی۔

رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ (جولائی تافروری) کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 21.207 ملین ٹن تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی کے اسی عرصے کی نسبت صرف 4.01 فیصد زیادہ ہے۔ صنعتی ماہرین نے اس نمو کوسیمنٹ سیکٹر کیلیے غیرتسلی بخش قراردیا ہے تاہم انھیں انتخابات کے بعد سیمنٹ کی کھپت میں اضافے سے معاشی بحالی کی امیدہے۔

فروری 2013 میں ملک کے شمالی حصے میں واقع سیمنٹ کے یونٹس کی مقامی فروخت 1.556 ملین ٹن جبکہ افغانستان و دیگر ممالک کو برآمد 0.444 ملین ٹن رہی، بھارت کو برآمدات 0.032 ملین ٹن تک محدود رہیں، جنوبی علاقوں میں واقع فیکٹریوں نے مقامی مارکیٹ کو 0.397 ملین ٹن جبکہ برآمدات کیلیے 0.209 ملین ٹن سیمنٹ فراہم کی، فروری میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 2.610ٹن رہی جو جنوری 2013 میں 2.646 ملین ٹن کی فروخت سے معمولی کم ہے۔



ایک سیمنٹ مینوفیکچرر نے کہا کہ بدقسمتی سے 2008 کے بعد سے افرائش توقع سے کہیں کم رہی جس کی وجہ سے سیمنٹ تیار کرنے والے لاتعداد یونٹس بیکار پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب صنعتوں نے اپنی منصوبہ بندی کی تھی تو بھارت کو برآمدات پر تکیہ کیا گیا تھا تاہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں جمود کی وجہ سے سیمنٹ کی برآمدات امید سے کہیں کم رہی ہیں، بھارت کو برآمدات میں رکاوٹوں کے بارے میں بہت کچھ کہا جا چکا ہے جس میں بھارتی جانب سے ہی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں