نیب ریفرنسز میں شریف خاندان کے خلاف سماعت منگل تک ملتوی

نواز شریف نے عدالت میں عزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں پچاس پچاس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرادیے۔


ویب ڈیسک November 03, 2017
مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان اسمبلی نے عدالت کے اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کیا۔ فوٹو: فائل

BUCHAREST: سابق وزیراعظم نوازشریف، بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدرکے خلاف مالی بدعنوانی سے متعلق نیب ریفرنسزکی سماعت منگل تک ملتوی کردی گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر مالی بدعنوانی سے متعلق نیب ریفرنسز کی سماعت کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ نوازشریف پیشی میں اہم دستاویزات بھی ساتھ لائے تھے جب کہ انہوں نے عدالت میں عزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں پچاس پچاس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے بھی جمع کرادیے۔ انہوں نے عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لیے یہ ضمانتی مچلکے جمع کرائے۔ احتساب عدالت نے مزید سماعت منگل 7 نومبر تک ملتوی کردی۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے لیے وطن واپسی

شریف خاندان کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان اسمبلی نے عدالت کے اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج بھی کیا۔ احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ کے حامی اور کارکن بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور انہوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی۔ جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں مریم نواز اور نواز شریف کے حق میں خیر مقدمی بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔

واضح رہے کہ نیب نے 8 ستمبر کو نوازشریف اوران کے بچوں کے خلاف لندن فلیٹس، آف شورکمپنیوں، عزیزیہ اسٹیل اورہل میٹل کمپنی سے متعلق 3 مقدمات درج کیے۔ ان مقدمات میں نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے لگائی گئی ہے جو غیرقانونی رقوم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے تینوں نیب ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق نوازشریف کی درخواست منظور کی۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما لیکس سے متعلق مقدمے میں نواز شریف کو اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نا اہل قرار دے دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے