حصص مارکیٹ مندی کاشکار 58 پوائنٹس گرگئے

انڈیکس 18126 ہوگیا، 179 کمپنیوں کے دام میں کمی،14 ارب 37 کروڑ روپے کا نقصان۔


Business Reporter March 05, 2013
انڈیکس 18126 ہوگیا، 179 کمپنیوں کے دام میں کمی،14 ارب 37 کروڑ روپے کا نقصان۔ فوٹو اے ایف پی

کراچی اسٹاک ایکس چینج کی نفسیات پر امن وامان کی سنگین صورتحال غالب ہونے کے باعث پیر کو اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے تاہم بعض شعبوں کی سرمایہ کاری برقرار رہنے کے سبب انڈیکس کی18100 کی حد مستحکم رہی۔

مندی کے باعث 53 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے14 ارب37 کروڑ23 لاکھ 8 ہزار 824 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ سانحہ عباس ٹاؤن کے بعد شہرمیں ہڑتال کی وجہ سے کاروبارزندگی مفلوج ہونے اور مارکیٹ میں عمومی سرمایہ کاروں کی حاضری کم ہونے کے منفی اثرات مرتب ہوئے، کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر26 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 18200 کی حد بحال ہوگئی تھی تاہم فروخت کے دباؤ کے باعث 88.05 پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 18100 کی حد بھی گرگئی تھی لیکن اس دوران بعض شعبوں کی سرمایہ کاری نے مندی کی شدت کو کم کیا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ کیپٹل مارکیٹ چونکہ مضبوط ہے اس لیے عباس ٹاؤن جیسے قومی سانحہ کے باوجود محدود پیمانے پر مندی رونما ہوئی، اگر مارکیٹ کی بنیادیں مضبوط نہ ہوتیں تو 200 پوائنٹس سے زائد کی مندی کے امکانات تھے۔



ماہرین کا کہنا تھا کہ پیر کو آئل اینڈ گیس سیکٹر کی کمپنیوں میں پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان بھی غالب رہا، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، این بی ایف سیز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر44 لاکھ93 ہزار89 ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ مقامی کمپنیوں کی جانب سے13 لاکھ51 ہزار 423 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے7 لاکھ83 ہزار139 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے17 لاکھ77 ہزار845 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے5 لاکھ80 ہزار682 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا، مندی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس58.42 پوائنٹس کی کمی سے 18126.77 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 75.31 پوائنٹس کی کمی سے14790.54 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 72.63 پوائنٹس کی کمی سے 12705.41 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 51.32 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر19 کروڑ42 لاکھ 99 ہزار400 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 338 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں133 کے بھاؤ میں اضافہ 179 کے داموں میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا،

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں سینوفی ایونٹیز کے بھاؤ18.74 روپے بڑھ کر393.58 روپے اور سن ریز ٹیکسٹائل کے بھاؤ10.70 روپے بڑھ کر224.70 روپے ہوگئے جبکہ سفائر ٹیکسٹائل کے بھاؤ11.87 روپے کم ہو کر 230.50 روپے اور پاک گم اینڈکیمیکلز کے بھاؤ8.67 روپے کم ہو کر 164.78 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں