معاشی سست روی کے باوجود غیر ملکی فرمز کے نفع میں اضافہ

2012 میں غیرملکی کمپنیوں کی کنزیومر آئٹم فروخت 19 اور منافع 16 فیصد بڑھا، رپورٹ


Business Reporter March 05, 2013
2012 میں غیرملکی کمپنیوں کی کنزیومر آئٹم فروخت 19 اور منافع 16 فیصد بڑھا، رپورٹ فوٹو : ایکسپریس

ملک میں جاری توانائی کے بحران، معاشی سست روی اور سیکیورٹی کے مسائل کے باوجود روز مرہ استعمال کی اشیا کا کاروبار کرنے والی غیرملکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فروخت اور منافع میں اضافہ ہورہا ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی ایک رپورٹ کے مطابق 2012 کے دوران ملک میں فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز فروخت کرنے والی لسٹڈ غیرملکی کمپنیوں کی فروخت میں 19 فیصد اور منافع میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران ایف ایم جی سیز فروخت کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فروخت میں 22 فیصد اضافہ ہوا، سال 2008 میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی فروخت 75.4 ارب روپے تھی جو سال 2011 میں 138 ارب روپے اور سال 2012 میں 19 فیصد اضافے سے 164 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، ملٹی نیشنل کمپنیوں نے سال 2012 میں اپنی فروخت سے 13.2 ارب روپے کا منافع کمایا۔



کنزیومر آئٹمز کی فروخت میں اضافہ چھوٹے شہروں میں اشیا کی طلب میں اضافہ، بیرون ملک سے ترسیلات شہروں کی جانب نقل مکانی کے بڑھتے ہوئے رجحان اور بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز کی شکل میں خریداری کے بدلتے ہوئے رجحان کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے، پاکستان میں سال 2012 کے دوران کنزیومر آئٹمز کی فروخت میں 11فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو سال 2011 میں 3.9 فیصد تھا۔

رپورٹ کے مطابق بیرون ملک سے ترسیلات کی وجہ سے ملک کے چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں قوت خرید بڑھ رہی ہے، زرعی پیداوار میں اضافہ، سپورٹ پرائس بڑھنے سے بھی دیہی علاقوں میں قوت خرید بہتر ہوئی ہے، دوسری جانب میڈیا کے ذریعے برانڈڈ اشیا کی بھرپور تشہیر سے بڑے شہروں کی طرح چھوٹے شہروں اور قصبوں میں بھی برانڈڈ اشیا کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں