عالمی برادری کرکٹ کی بحالی میں مدد کرے ذکا اشرف

پوری دنیا کی جنگ لڑ رہے ہیں، سری لنکن ٹیم پر دہشتگرد حملہ سیاہ ترین باب ہے، ذکا اشرف


Sports Desk March 05, 2013
پوری دنیا کی جنگ لڑ رہے ہیں، سری لنکن ٹیم پر دہشتگرد حملہ سیاہ ترین باب ہے، ذکا اشرف فوٹو : فائل

RAWALPINDI: پی سی بی چیئرمین ذکا اشرف نے عالمی برادری سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے مدد مانگ لی۔

ان کا کہنا ہے کہ غیرملکی ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے، سری لنکن ٹیم پر حملہ ہماری کرکٹ کا سیاہ ترین باب ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے لبرٹی چوک پر دہشتگردوں کے سری لنکن ٹیم پر حملے کو چار برس بیت چکے ہیں مگر غیرملکی ٹیموں کے دلوں میں اس واقعے کا خوف اب بھی موجود اور وہ کسی صورت پاکستان کا دورہ کرنے کو تیار نہیں ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے میدان سونے پڑے ہوئے ہیں۔ پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف نے عالمی برادری سے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے اور یہاں پر کرکٹ کی بحالی کیلیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



ان کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم پر حملہ پاکستان کی کرکٹ تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، ہمیں دہشتگردی کے خلاف جنگ کا بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے، یہ پوری دنیا کی جنگ ہے جس میں پاکستان فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کررہا ہے، اس لیے دنیا کو چاہیے کہ وہ یہاں پر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ ذکا اشرف نے جب سے پی سی بی کا چارج سنبھالا ہے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے کوشاں ہیں مگر ابھی تک ان کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔

انھوں نے دو مرتبہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو اپنی ٹیم بھیجنے پر راضی کیا مگر دونوں ہی مرتبہ آخری لمحات میں بی سی بی نے انکار کردیا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھی خراب ہوگئے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے نام سے ایونٹ کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا مگر مختلف ممالک کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں کو یہاں پر کھیلنے کیلیے این او سی جاری کرنے سے انکار پر یہ ایونٹ بھی ملتوی کرنا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں