ڈگ بریسویل کی پراسرار انجری نے کیوی بورڈ کو چونکادیا

تحقیقات شروع، پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک، انگلینڈ کی تیاریاں مکمل

تحقیقات شروع، پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک، انگلینڈ کی تیاریاں مکمل۔ فوٹو : فائل

نیوزی لینڈ نے ڈگ بریسویل کی پراسرار انجری کے بارے میں تحقیقات شروع کردیں۔

گذشتہ روز ایک پارٹی سے لنگڑاتے ہوئے وہ باہر نکلے تھے جبکہ پائوں پر گہرا زخم بھی موجود تھا۔ این زیڈ سی بریسویل کی اس چوٹ کے اسباب جاننے کی کوشش کررہا ہے۔

اس کو خدشہ ہے کہ اس میں کثرت شراب نوشی کا کوئی عمل دخل ہوسکتا ہے۔ بریسویل کو اس زخم پر ٹانکے تو نہیں لگوانا پڑے ہیں مگر انھوں نے یونیورسٹی اوور میں اسکواڈ کیساتھ ٹریننگ نہیں کی، انھیں میڈیکل ٹیم کی جانب سے ہوٹل میں آرام کرنیکی ہدایت کی گئی تھی۔ ان کی بدھ کو انگلینڈ کیخلاف شروع ہونیوالے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔




نیوزی لینڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو ہیتھ ملز کا نام بھی اس واقعے میں لیا جارہا ہے، کیوی ٹیم کے منیجر مائیک سینڈل کا کہنا ہے کہ میں بریسویل اور ہیتھ دونوں سے اس چوٹ کی حقیقت جاننے کی کوشش کروں گا، ہمیں اس طرح کی چیزیں پسند نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ بریسویل اب منگل کو فٹنس ٹیسٹ دینگے، انکے کور اپ کے طور پر ایان بٹلر کو طلب کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ وارم اپ میچ میں شکست کے باوجود پہلے ٹیسٹ کیلیے تیار ہے، تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلش ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے، اس وقت انگلینڈ ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے اور نیوزی لینڈ آٹھویں نمبر پر موجود ہے، وارم اپ میچ میں کیون پیٹرسن جیسے بیٹسمین بری طرح ناکام ہوئے تھے، انگلینڈ کو تقریباً سات برس بعد کسی فرسٹ کلاس ٹور میچ میں شکست ہوئی تھی۔
Load Next Story