زمبابوے کو ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی وائٹ واش کا سامنا

دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز 41 رنز سے کامیاب، مساکیڈزا کی ففٹی رائیگاں


March 05, 2013
دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز 41 رنز سے کامیاب، مساکیڈزا کی ففٹی رائیگاں۔ فوٹو : اے ایف پی

ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی وائٹ واش کردیا۔

میزبان سائیڈ نے دوسرے میچ میں 41 رنز سے کامیابی حاصل کی، کیرن پولارڈ اور سیموئل بدری نے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، مہمان سائیڈ 159 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹوں پر 117 رنز بنا پائی، مساکیڈزا 53 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو دوسرے ٹوئنٹی 20 میں 41 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا ہے۔

اس سے قبل میزبان سائیڈ نے تین ون ڈے میچز میں بھی کمزور مہمان ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا۔ زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میں 159 رنز کا ہدف ملا اس بار اسے سیموئل بدری کی خطرناک بولنگ کا سامنا کرنا پڑا، جنھوں نے دونوںاوپنرز چھامو چھیبابا (13) اور ووسی سبانڈا (5) کو آؤٹ کیا، اس طرح زمبابوے کی رنز بنانے کی رفتار مزید سست پڑگئی، کپتان برینڈن ٹیلر کو 4 رنز پر بدری نے سیمی کا کیچ بنایا۔



کریگ ایروائن نے 15 رنز بناکر براوو کو ریٹرن کیچ دے دیا، والیر 7 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، موٹومبوڈزی (1) کو بھی براوو نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔ مساکیڈزا نے 51 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 53 رنز بنائے، انھوں نے 6 چوکے لگائے۔ سیموئل بدری نے 17 رنز کے عوض 3 وکٹوں کا سودا کیا، براوو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 158 رنز بنائے، چارلس صرف 10 رنز پرچتیرا کی گیند پر بولڈ ہوئے، ڈیوائن براوو نے 24 رنز بناکر مشانگوے کو وکٹ دی، کیچ وکٹ کیپر ٹیلر نے تھاما، بارنویل (7) کو پراسپر اتسیا نے پویلین کی راہ دکھائی، لینڈل سائمنز 41 رنز بناکر مشانگوے کی گیند پر ایروائن کا کیچ بنے، آندرے رسل اور دنیشن رامدین کو کھاتہ کھولنا نصیب نہیں ہوا، کیرن پولارڈ 45 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ موٹومبوڈزی اور مشانگوے نے دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں