ایشین سائیکلنگ بھارت نے ٹیموں کو انتظار کی سولی پر لٹکا دیا

ویزے جاری نہ ہونے سے پاکستان سمیت کئی ممالک کی ایونٹ میں شرکت مشکوک۔


ویزے جاری نہ ہونے سے پاکستان سمیت کئی ممالک کی ایونٹ میں شرکت مشکوک۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارت نے کئی ملکوں کی سائیکلنگ ٹیموں کو انتظار کی سولی پر لٹکا دیا۔

ویزے نہ ملنے کے سبب پاکستان، چین، ایران، عراق اور افغانستان کی آج سے شروع ہونے والے ایشین چیمپئن شپ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایشین سائیکلنگ چیمپئن کا آغاز 5 مارچ سے17 مارچ تک نئی دہلی میںہورہاہے جس میںایشین سائیکلنگ کنفیڈر یشن سے منسلک 41 میں سے متعدد ممالک ایونٹ کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں تاہم پاکستان، چین، ایران، عراق اور افغانستان سمیت متعدد ممالک کو بھارتی سفارتخانے کی طرف سے تاحال ویزے جاری نہیں کیے جا سکے جس کی وجہ سے ان ٹیموں کی ایونٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران سائیکلنگ فیڈریشن نے بھارتی ایمبیسی سے متعدد بار رابطہ کیا ہے لیکن ویزے جاری نہیں کیے گئے، اس صورت حال کے بعد ایران سائیکلنگ فیڈریشن نے ایشین سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر کوخط لکھا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایونٹ کی تیاری میں بھاری اخراجات کر چکے مگر بھارت ایمبیسی سے بار بار رابطہ کرنے کے باوجود ویزے نہیں مل سکے جس پر سخت مایوس ہیں،ایرانی فیڈریشن نے ایشین سائیکلنگ کنفیڈریشن کے صدر سے درخواست کی ہے کہ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے ہماری ایونٹ میں شرکت کو ممکن بنائیں۔



ذرائع کے مطابق یہی صورت حال افغانستان ، عراق، چین اور دوسرے ممالک کی بھی ہے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے بھارت میں اثرورسوخ رکھنے والی وزارت خارجہ کی سابق اعلیٰ شخصیت کی وساطت سے بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کے ویزہ کے حصول کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی سائیکلنگ فیڈریشن کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کلیئرنس ملنے کے فوری بعد پاکستانی دستے کو ویزے جاری کردیئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق قوت سماعت سے محروم پاکستانی سائیکلسٹ انعم محمود7 مارچ کو شیڈول 1000 میٹر مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرے گی، 6 مارچ تک ویزے نہ ملنے کی صورت میں انعم کو اس ایونٹ میں محروم ہونا پڑے گا۔9 تا11 مارچ تک ہونے والے گرلز ایلیٹ مقابلوں میں صبیحہ زاہد ایکشن میں دکھائی دیں گی، ویزوں میں مزید تاخیر کی صورت میں انہیں بھی اس ایونٹ کی قربانی دینا پڑی گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں