پاکستان جنوبی افریقہ کیخلاف ہاری ہوئی بازی جیت گیا

قومی ٹیم 5-4 سے سرخرو،حسیم خان نے 2 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، شفقت، سہیل عباس اور وسیم احمد کا فیصلہ کن گول

لندن اولمپکس:جنوبی افریقہ کیخلاف اختتامی لمحات میں فیصلہ کن گول کرنے پر پاکستانی ہاکی پلیئر وسیم احمدکا پُر جوش انداز،دیگر کھلاڑی بھی خوشیاں منا رہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

اولمپک گیمز ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو5-4 سے زیر کرکے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان برقرار رکھا، عبدالحسیم خان نے 2، شفقت رسول، سہیل عباس اور وسیم احمد نے ایک، ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھائی جبکہ ریڈ جسٹن نے 2 گول کیے۔

کھیل کے آخری چھ منٹ میں پاکستان نے مسلسل دو گول کرکے ہارا ہوا میچ جیت لیا۔ 3-4 سے خسارے کے باوجود گرین شرٹس نے حوصلہ نہ ہارا اور پہلے سہیل عباس نے پنالٹی کارنر پر اسکور برابر کیا اور اسکے بعد وسیم احمد نے فیصلہ کن گول کیا۔ پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان نے اسپین سے ڈرا کھیلنے کے بعد ارجنٹائن کو 2-0 سے شکست دی تھی تاہم انگلینڈ نے 4-1 سے پچھاڑ کر اسکے سیمی فائنل تک رسائی کے عزائم کو دھچکا پہنچایا تھا۔

جنوبی افریقہ کو زیر کرنے کے بعد گروپ اے میں پاکستان کے 7 پوائنٹس ہوگئے۔ کوچ خواجہ محمد جنید نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے میچ کے نتیجے پر پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری ٹیم کا بہترین ڈسپلے تھا۔ انھوں نے کہا کہ میچ ہائی اسکورنگ ضرور تھا تاہم ہماری ٹیم کا فیلڈ پلے بہت اچھا تھا۔ اس سوال پر کہ ٹیم کا دفاع کمزور نظر آیا کیونکہ 4 گول ہوئے، انھوں نے کہاکہ پریشر گیم کی وجہ سے دفاع پر دبائوتھا، ہم نے انگلینڈ سے ہارنے کے بعدعزم کر رکھا تھا کہ ایونٹ میں کم بیک کرینگے اور لڑکوں نے بہت محنت کی۔


اس سوال پر کہ آسٹریلیا کے خلاف کیا حکمت عملی ہوگی خواجہ جنید نے کہا کہ ہم آسٹریلیا کے خلاف آل آئوٹ جائیںگے، ہم آسٹریلیا سے ڈرا کرنے کا نہیں سوچ رہے ۔ لندن میں ہلکی بارش اور ٹھنڈے میں موسم میں ریور سائیڈ ایریا اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ وقفے پر 3-3 سے برابر تھا۔ کھیل کے 18 ویں منٹ میں افریقی کھلاڑی پٹن واڈ کے پاس پر تھروٹن میک ڈیڈ نے پہلا گول کیا۔ گول نے پاکستان کے کیمپ میں ہلچل مچادی کیونکہ جو ٹیم انگلینڈ سے زخم کھائے بیٹھی تھی، اسے توقع نہیں تھی کہ نسبتاً کمزور ٹیم پہلے گول کردے گی ، زخم کھائے شیر کی طرح پاکستانی فارورڈ جنوبی افریقی دفاع پر پل پڑے جس کے نتیجے میں عبدالحسیم خان کو20 ویں منٹ میں گول برابر کرنے کا موقع مل گیا۔

گرین شرٹس نے اس پر اکتفا کیا تھا کہ مخالف ٹیم کی جانب سے 22 ویں منٹ میں ریڈ روس جسٹن نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ایک بار پھر سبقت حاصل کرلی، گول کے خلاف کپتان سہیل عباس نے وڈیو ریفرل مانگ لیا تاہم انکی اپیل مسترد ہوگئی۔ جس وقت شفقت رسول نے23 ویں منٹ میں خوبصورت فیلڈ گول کرکے کھیل 2-2 سے برابر کردیا، اس وقت تیز بارش ہورہی تھی۔ حسیم خان نے 25 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے پاکستان کو 3-2 سے لیڈ دلادی تاہم 35 ویں منٹ میں جسٹن نے پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کرکے اسکور 3-3 کردیا۔

دوسرے ہاف کو 3 منٹ ہوئے تھے کہ واڈ پٹن نے فیلڈ گول کرکے اسکور 4-3 کردیا۔ آخری 6 منٹ میں پاکستان کی فارورڈ لائن نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔ 64ویں منٹ میں سہیل عباس نے پنالٹی کارنر پر گول کیا جبکہ وسیم احمد نے فیصلہ کن گول کرکے پاکستان کو 5-4 سے کامیابی دلادی، دیگر میچز میں نیوزی لینڈ اور بیلجیئم کا مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا جبکہ جنوبی کوریا نے بھارت کو 4-1 سے شکست دیدی، ہالینڈ نے جرمنی کو 3-1 سے زیر کرلیا۔
Load Next Story