دھماکے میں جاں بحق غلام محمد کی نماز جنازہ آج ہوگی

والد اور ایک کزن عبید اﷲ بم دھماکے میں جاں بحق ہوئے،عمران سومرو کی گفتگو.


Staff Reporter March 05, 2013
عبید اﷲ کی میت خیرپور میرس روانہ،والد کی تدفین عیسیٰ نگری قبرستان میں ہوگی۔ فوٹو : ایکسپریس غلام محمد سومرو کی یاد گار تصویر

KARACHI: عباس ٹاؤن بم دھماکے میں آگ سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے اقرا سٹی اپارٹمنٹ کے رہائشی سابق کنٹریکٹر کی تدفین منگل کو عیسیٰ نگری قبرستان میں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع عباس ٹاؤن کے قریب خوفناک بم دھماکے کے نتیجے میں لگنے والے آگ سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے اقرا سٹی اپارٹمنٹ کی دوسری منزل پر واقع فلیٹ نمبر E-208 کے رہائشی65 سالہ غلام محمد سومرو ولد جاں محمد سومرو کی نماز جنازہ منگل کو بعد نماز ظہر گلشن بلاک 13-Eمیں واقع فہد اسکوائر اپارٹمنٹ کی مسجد میں ادا کی جائے گی۔

جبکہ تدفین عیسیٰ نگری قبرستان میں کی جائے گی ، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے غلام محمد سومرو کے صاحبزادے عمران سومرو نے ایکسپریس سے گفتگو میں بتایا کہ عباس ٹاؤن بم دھماکے میں ان کے والد اور ایک کزن عبید اﷲ ولد نصر اﷲ جاں بحق جبکہ بھائی عدنان سومرو زخمی ہوا ہے۔



انھوں نے بتایا کہ ان کے والد شوگر کے مرض میں مبتلا تھے اور روزانہ شام کے اوقات میں اقرا سٹی فلیٹ کے نیچے چہل قدمی کیا کرتے تھے اور دھماکہ بھی اسی وقت ہوا جب والد چہل قدمی کر رہے تھے،انھوں نے بتایا کہ ان کے والد کی 6 اولادیں ہیں اور ان کے والد 2 ماہ قبل ہی عمرہ ادا کرکے آئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ اقرا سٹی اپارٹمنٹ کی دکانوں میں ایک چکن شاپ تھی جہاں ان کا کزن عبید اﷲ ملازمت کرتا تھا اور دھماکے وقت عبید شاپ کے کاؤنٹر پر کھڑا تھا جبکہ شاپ میں ان کا بھائی عدنان بھی موجود تھا جو دھماکے نتیجے میں رہائشی اپارٹمنٹ کے گرنے والے ملبے کے نیچے دب کر زخمی ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق خیر پور میرس سے ہے اور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے کزن عبید اﷲ کی میت خیرپور میرس روانہ کردی گئی ہے جہاں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں