باہمی مقابلوں میں پاکستان کو آسٹریلیا پر سبقت حاصل

اب تک 9 میں سے 6 میچزمیں گرین شرٹس کو فتوحات ملیں، تین میں کینگروز کامیاب

اب تک 9 میں سے 6 میچزمیں گرین شرٹس کو فتوحات ملیں، تین میں کینگروز کامیاب , فوٹو اے ایف پی فائل

اولمپکس میں پاکستان ہاکی ٹیم کا آسٹریلیا کے خلاف میچز میں پلڑا بھاری رہا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 9 مقابلے ہو چکے ہیں جس میں گرین شرٹس نے 6 بار جبکہ کینگروز نے 3 بار کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایک بار فائنل میں بھی آمنے سامنے آئیں لیکن اس فیصلہ کن میچ میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کر کے 1968اولمپکس میں دوسری بار سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلی بار روم اولمپکس1960 میں ایکشن میں دکھائی دیں جس میں پاکستان نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ ٹوکیو اولمپکس1964ء میں قسمت کی دیوی ایک بار گرین شرٹس پر مہربان ٹھہری اور اس نے آسٹریلیا کو ایک بار پھر ایک کے مقابلے میں2 گول سے ہرا کر میدان مار لیا۔


میکسیکو اولمپکس1968ء میں دونوں ٹیمیں 2 بار آمنے سامنے ہوئیں، دونوں مقابلوں میں آسٹریلیا کو شکست کا سامنا رہا۔ابتدائی رائونڈ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 3-2سے ہرایا ، بعد ازاں میگا ایونٹ کے فائنل میں2-1 سے شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مونٹریال اولمپکس1976ء میں آسٹریلیا نے اولمپکس کی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں2گول سے شکست دی۔

لاس اینجلس اولمپکس1984ء میں پاکستانی ٹیم ایک بار پھر آسٹریلیا کو ہرانے میں کامیاب رہی۔1988ء کے سیئول اولمپکس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں 4-0 سے ہرایا۔ سڈنی اولمپکس2000ء میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 6گول سے شکست دی۔ بیجنگ اولمپکس2008ء میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 3-1 سے ہرایا۔
Load Next Story