کراچی مختلف علاقوں فائرنگ اور اغوا 9افراد ہلاک
کاغذی بازار کے دکاندار کے بیٹے کو فون آیا کہ تمھارے باپ کو قتل کردیا لاش لے جاؤ
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور اغوا کے بعد لاشیں پھینکنے کے واقعات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے ۔
کھوکرا پار کے علاقے ملیر گولڈن فارم ہاؤس کے قریب جھاڑیوں سے 2 افراد کی ہاتھ پاؤں بندھی ہوئی لاشیں ملی ہیں، پولیس کے مطابق مقتولین کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرنے کے بعد سر پر گولیاں مار کر قتل کیا اور لاشیں پھینک کر فرار ہوگئے۔ ماری پور کے علاقے رئیس گوٹھ سے نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے سر پرگولی مار کر قتل کر دیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی اور شبہ ہے کہ لیاری گینگ وار کے ملزمان نے جن افراد کو چند روز قبل اغوا کر کے مواچھ گوٹھ کے علاقے میں رکھا ہوا ہے ہوسکتا ہے مذکورہ لاش اسی شخص کی ہو جبکہ متعد دافراد کی لاشیں اب تک مل چکی ہیں، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مواچھ گوٹھ ، بسم اﷲ کالونی اور مشرف کالونی میں لیاری گینگ وار کے ملزمان میں علاقے میں بالادستی قائم کرنے کے لیے شیراز کامریڈ اور ارشد پپو گروپ میں گزشتہ دنوں گھمسان کی جنگ چھڑ گئی تھی جس میں آزادانہ دستی بموں سے حملے کیے گئے تھے۔
کھارادار کے علاقے کاغذی بازار سے ضعیف العمر شخص کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی ، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت اس کے بیٹے نے 60سالہ امین ولد عبدالستار کے نام سے کی ہے جو کھڈا مارکیٹ شاہ ولی اﷲ روڈ کا رہائشی اور الیکٹرانکس کی دکان کا مالک تھا جبکہ رہنے والا تھا ، مقتول کے بیٹے نے بتایا کہ اس کے والد اتوار کی شام سے لاپتہ تھے اور بعدازاں ان کے موبائل فون سے کال آئی تھی کہ تمھارے باپ کو قتل کر دیا ہے اور لاش وصول کرنے آجاؤ وہ ڈر کے مارے وہاں نہیں گئے۔
پولیس کو اطلاع دینے آئے تو پولیس نے بتایا کہ ایک لاش ملی ہے اس کی شناخت کرلو ، پولیس کا کہنا ہے کہ جس مقام سے لاش ملی ہے اس سے کچھ فاصلے پر مقتول کی امین الیکٹرونکس کے نام سے دکان ہے ، پولیس اغوا کے بعد قتل کی واردات کو بھتے کا تنازع قرار دے رہی ہے۔ شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی89 میں نامعلوم ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے 27 سالہ آصف جاں بحق جبکہ کاوش سخی زخمی ہوگیا ، ہلاک و زخمی کو جناح اسپتال لیجایا گیا ، پولیس کے مطابق مقتول اور زخمی ہونے والا شخص گھر کے قریب چوک پر بیٹھے ہوئے تھے کہ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے، پولیس کے مطابق مقتول کا چند روز قبل کسی سے جھگڑا ہوا تھا۔
رامسوامی کے علاقے جوبلی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے2 افراد 28 سالہ صمد اور 30 سالہ رحیم زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا ۔گلستان جوہر کے علاقے بلاک4 محکمہ موسمیات کے قریب نامعلوم افراد کی کار نمبر AVR-966 پر اندھا دھند فائرنگ سے کار سوار28 سالہ کاشان بیگ ولد مرزا اعجاز بیگ ہلاک ہو گیا۔ شاہ فیصل کالونی کے علاقے ناتھا خان گوٹھ ہزارہ چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے35سالہ انور زیب ولد اورنگ زیب ہلاک ہو گیا۔ لانڈھی نمبر 4بابر مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جوئے کے اڈے کا مالک 45سالہ فاروق ولد امام دین کمر میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ۔
جسے جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا، سعود آباد کے علاقے ملیر کی رہائشی16سالہ صنوبر دختر اصغر کی گھر کی چھت سے پھندا لگی لاش ملی، مقتول میٹرک کی طالبہ اور 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی۔ لیاقت آباد نمبر10میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے19سالہ فیضان ولد عرفان زخمی ہو گیا۔