متاثرین عباس ٹاؤن کی ہر ممکن مدد کی جائے الطاف حسین کی اپیل

بے گھروں کی مدد کرنا قومی فریضہ ہے، زیادہ سے زیادہ تعداد میں ضروری اشیا پہنچائی جائیں


Express Desk March 05, 2013
گورنر سے فون پرگفتگو،متحدہ کے قائد نے افضا کی سالگرہ نہ منانے کی ہدایت کردی ۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ سانحہ عباس ٹاؤن میں بے گھر ہونے والے افراد کیلیے زیادہ سے زیادہ تعداد میں بسترچادریں، کمبل، بچوں کیلیے دودھ، فیڈر اور کھانے پینے کا سامان پہنچائیں۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس بھیانک واقعے میں سیکڑوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں جن کی مدد کرنا تمام پاکستانیوں کا انسانی، مذہبی اور قومی فریضہ ہے۔الطاف حسین نے متاثرین کی امداد اور دیکھ بھال میں مصروف ایم کیو ایم کے ذمے داروں سمیت تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنھوں نے ان کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے متاثرین کو غذائی اجناس اور دیگر اشیا پہنچائیں۔

الطاف حسین نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کی امداد اس وقت تک جاری رکھیں جب تک متاثرین کی مستقل بحالی کا بندوبست نہیں ہوجاتا۔ دریں اثنا الطاف حسین نے ایم کیوایم کے ذمے داران وکارکنان اور تمام شعبہ جات کو ہدایت کی ہے کہ 5 مارچ کو ان کی صاحبزادی افضا الطاف کی سالگرہ پر کسی بھی نوعیت کی کوئی تقریب نہ منائی جائے ۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ عباس ٹاؤن میں سیکڑوں ماؤں کی گودیں اجڑ گئی ہیں،سہاگنیں بیوہ ، بچے یتیم اور بوڑھے والدین اپنے سہاروں سے محروم ہوچکے ہیں۔



ایسے میں میں اپنی بیٹی کی سالگرہ کیسے مناسکتا ہوں؟۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے فون پر گفتگو کی اورکہا کہ سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے الطاف حسین کویقین دلایاکہ زخمیوں کے علاج معالج پر مکمل توجہ دی جارہی ہے، جن متاثرین کے گھرتباہ ہوگئے ہیں۔

انھیں فوری طورپر اسکولوں میں منتقل کیاجارہاہے جہاں ان کا ہرطرح سے خیال رکھا جائے گا۔ مزیدبراں الطاف حسین نے گذشتہ دنوں شکار پور میںبم دھماکے کے نتیجے میں شدیدزخمی ہونیوالے پیر حاجن شاہ کی درگاہ کے گدی نشین پیر حاجن شاہ ماری والاکے دوران علاج انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں جناب الطاف حسین نے مرحوم کے تمام سوگوار لواحقین ،غم زدہ مریدین اوردیگر عقیدت مندوں سے تعزیت کااظہارکرتے ہوئے انھیں صبرکی تلقین کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلیے دعا کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔