جنوبی پنجاب کے عوام کو الگ صوبہ دینے کا وعدہ پورا کرینگے زرداری

دہشت گرد ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتے، الیکشن میں عوامی فیصلہ تسلیم ہوگا، ایران گیس منصوبہ کسی ملک کیخلاف نہیں


عالمی برادری کو ہمارے مسائل کا ادراک ہونا چاہیے: ملتان، لاہور میں گفتگو، وفود سے ملاقاتیں، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا فوٹو: فائل

صدر آصف زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو علیحدہ صوبہ دینے کا وعدہ پورا کیا جائیگا، جمہوری حکومت کا پانچ سال مکمل کرنا ملکی تاریخ میں سنگ میل ہے۔

دہشت گرد ہمارے عزم اور حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ملتان میں سابق وزیر اعظم یوسف گیلانی کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا پیپلز پارٹی عوام سے کیے گئے وعدوں پر قائم ہے اور تمام مشکلات کے باوجود عوامی مسائل حل کرنے اور جمہوریت کے استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔

صدر نے جنوبی پنجاب خصوصاً ملتان میں متوقع پارٹی انتخابی امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا۔ سابق وزیر حافظ اقبال خاکوانی نے صدر سے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ رانا قاسم نون، رانا سہیل نون، شاہ محمود قریشی کے بھائی مرید حسین قریشی نے بھی صدر سے ملاقات کی۔ این این آئی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ صدر زرداری نے کہا کہ ان قوتوں کو شکست ہوئی ہے جو روز اول سے حکومت کے جانے کی تاریخیں دیا کرتی تھیں۔ صدر آج بہاولپور جائیں گے۔



علاوہ ازیں گورنر ہاؤس لاہور میں پریم نگر ڈرائی پورٹ، الائی خور اور جناح ہائیڈرو منصوبہ جات کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور لاہور ہائیکورٹ بار کے وفد سے ملاقات میں صدر زرداری نے کہا ہم سے کوئی جمہو ریت نہیں چھین سکتا' ملک میں ہر صورت بروقت اور شفاف انتخابات ہو نگے 'عوام جسکو ووٹ دینگے اقتدار اس کے سپر دکردیا جا ئیگا ' ہم عوام کا فیصلہ تسلیم کرینگے ۔ پاک، ایران گیس پائپ لائن منصوبہ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کی بناء شروع کیاگیا اور یہ کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں، دنیا ہمارے قومی مفاد کو سمجھے، عالمی برادری کو ہمارے مسائل کا ادراک ہونا چاہیے۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار کیلیے2کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ بار کے صدر عابد ساقی نے صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو بار سے خطاب کی دعوت دی، صدر نے کہا بلاول جلد بار سے خطاب کر ینگے۔

بار کے وفد نے ججوں کی تقرری اور جوڈیشل کمیشن کے اقدامات کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ جبکہ ضابطہ فوجداری میں ترامیم کی بھی سفارش کی اور جمہوریت پر شب خون مارنے والوں راستہ روکنے کی یقین دھانی کروائی۔ پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا گوادر پورٹ کو چین کے حوالے کرنے کا فیصلہ ملک کے بہترین مفاد میں کیا ہے۔ بلاول ہاؤس میں لطیف کھوسہ بھی صدر سے ملے۔ ادھر پیپلزپارٹی لاہور نے مسلم لیگ(ق) کے وزراء کے ماتحت محمکوں میں نظر انداز کیے جانے کی صدر زرداری سے شکایت کی ہے جس پر صدر نے لاہور تنظیم کو یقین دہانی کرائی، تحریک انصاف کے رہنما اصغر گجر نے بھی صدر زرداری سے ملاقات کی ہے ۔''ایکسپریس''کے رابطہ کرنے پر اصغر گجر نے کہا کہ میں نے پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت کی دعوت قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں