12ممالک کی بحری جنگی مشقیں ’’ امن 2013‘‘ شروع

برطانیہ، ترکی و دیگر ملک شامل، امریکا، آسٹریلیا، آذر بائیجان، بحرین، برازیل، کینیڈا، مصر سمیت32ممالک بطور مبصر شریک


Staff Reporter March 05, 2013
کراچی: کثیرالملکی بحری جنگی مشقوں امن 2013 کے آغاز پر منعقدہ تقریب میں لیا گیا گروپ فوٹو ۔ فوٹو : اے ایف پی

کثیرالملکی بحری جنگی مشقوں امن 2013 کا باقاعدہ آغاز پیر کو کراچی میں ہونے والی پرچم کشائی کی ایک رنگا رنگ تقریب سے کیا گیا۔

اس موقع پر بحری مشق میں شرکت کرنیوالے32 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، چین، امریکا، برطانیہ، ترکی سمیت دنیا کی 12 اہم بحری قوتیں مشقوں میں عملی حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر پاکستان فلیٹ خان حشام بن صدیق نے کہا کہ بتایا کہ کثیرالملکی مشقوں کے سلسلے کا آغاز 2007ء میں کیا گیا تھا جس کا مقصد علاقائی تعاون اور استحکام کا فروغ ، مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ اور دہشت گردی اور سمندر میں ہونے والے جرائم بشمول بحری قزاقی سے متحد ہو کر نمٹنے کے بھرپور عزم کا اظہار ہے۔



انھوں نے کہا کہ ہر دو سال بعد ہونے والی بحری جنگی مشقوں میں شرکت کرنے والی ممالک میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، انھوں نے کہا کہ امن 2013 پاکستان نیوی کیلیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، انھوں نے کہا کہ بحیرہ ہند میں دہشت گردی، منشیات اور انسانی اسمگلنگ اور بحری قزاقی کے خطروں سے نمٹنے کیلیے یہ مشقیں انتہائی مددگار ثابت ہوں گی، انھوں نے مزید کہا کہ چین، امریکا، برطانیہ، جاپان، ترکی، اٹلی، انڈونیشیا، ملائشیا، متحدہ عرب امارات سمیت 12 ممالک کی بحریہ عملی طور پر جنگی مشقوں میں شرکت کررہی ہیں ۔

جبکہ مجموعی طور پر 32 ممالک کے مبصر ان مشقوں کا مشاہدہ کریں گے، مبصرکے طور پر شرکت کرنے والے ممالک میں امریکا، آسٹریلیا، آذر بائیجان، بحرین، برازیل، کینیڈا، مصر، جرمنی، اٹلی، اردن، مالدیپ، میانمار، نائجیریا، شمالی سوڈان، اومان، پولینڈ، قطر، روس، سعودی عرب، شمالی کوریا، تنزانیہ، ترکمانستان، یوکرائن، متحدہ عرب امارات شامل ہیں، انھوں نے کہا کہ بحری مشقوں کا سی فیز یعنی عملی مرحلہ 8 مارچ تک جاری رہے گا،میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چینی بحریہ کے کمانڈر یوان یوبائی نے کہا کہ بحری مشق ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے میں مدد ملتی ہے، اطالوی بحریہ کے کمانڈر لورارٹی نے کہا کہ گرم پانیوں کا منفی استعمال کرنے والے جرائم پیشہ اور شدت پسندوں سے نمٹنے کیلیے بحری مشقیں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں