کنٹونمنٹ بورڈز کو سائن بورڈزکی اجازت دینے کا اختیار ہے

عدالت عظمیٰ کا سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کی سماعت کے موقع پر استفسار


Staff Reporter March 05, 2013
2 رکنی بینچ کی کنٹونمنٹ بورڈ کے وکلا کو قوانین کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت ۔ فوٹو : پی پی آئی

سپریم کورٹ آف پاکستان کے 2 رکنی بینچ نے استفسار کیا ہے کہ کیاکنٹونمنٹ بورڈز کو فٹ پاتھ پر سائن بورڈز لگانے کی اجازت دینے کا اختیار ہے؟

یہ سوال پیر کو جسٹس امیرہانی مسلم اور جسٹس اعجاز افضل خان پرمشتمل بینچ نے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کے موقع پر کیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے 13دسمبر 2012 کو کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے نجی اشتہاری کمپنیوں پر عائد کیے جانیوالے ٹیکس کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔ نجی کمپنیوں نے سندھ ہائیکورٹ میں موقف اختیارکیا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ نے بورڈ کی حدود میں نصب کیے گئے سائن بورڈز/ہورڈنگز پر قانونی تقاضے پورے کیے بغیر ایڈورٹائزمنٹ ٹیکس میں اضافہ کردیا ہے اور اضافی ٹیکس وصول کرنے کے لیے متعدد قواعد کو پامال کیا جارہا ہے۔



سپریم کورٹ میں کنٹونمنٹ بورڈ نے موقف اختیارکیا کہ بورڈ نے ٹیکس میں نہیں بلکہ فیس میں اضافہ کیا ہے تاہم کنٹونمنٹ بورڈ نے تسلیم کیا کہ اس ضمن میں جاری کی گئی دستاویزات میں ٹیکس کا لفظ غلطی سے استعمال ہوگیا ہے۔ انھوں نے موقف اختیار کیاکہ سندھ ہائیکورٹ بورڈ کے موقف کو نہیں سمجھ سکی اور نجی اشتہاری کمپنیوں کی درخواست منظورکرلی لیکن سپریم کورٹ کو تمام حقائق کا جائزہ لے کر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردیدینا چاہیے۔ عدالت عظمیٰ نے آبزروکیاکہ کنٹونمنٹ بورڈ نے کمرشل سائن بورڈز اور ہورڈنگز فٹ پاتھ تک پر لگانے کی اجازت دیدی ہے۔

لیکن کیا ایسا کوئی قانون ہے جس کے تحت فٹ پاتھ پر بھی تجارتی ہورڈنگز وغیرہ لگانے کی اجازت دی جاسکے۔ بینچ نے سماعت 7مارچ کے لیے ملتوی کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کے وکلاکوہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر متعلقہ قوانین کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں