وفاقی حکومت 5سال سوئی رہی معیشت کا جنازہ نکل گیاشہباز شریف

قوم اندھیروں میں ڈوبی ہے، کراچی کے دلخراش واقعے پر پورے ملک میں سوگ کی فضا ہے


Numainda Express March 05, 2013
فوٹو:فائل

ISLAMABAD: وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب میں گزشتہ 5سال میں 260ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں جو پرویز الٰہی حکومت سے6گنا زیادہ ہیں۔

وفاقی حکومت سے یہ سوال کرتے ہیں کہ اگر پنجاب حکومت عوام کی فلاح کیلیے بیرونی سرمایہ کاری سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلیے اقدامات کر سکتی ہے تو وہ5سال بھنگ پی کر یا افیون کھا کر سوئی ہوئی تھی کہ معیشت کا جنازہ نکل گیا اور قوم اندھیروں میں ڈوبی رہی۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے آڈیٹوریم میں4ہزار سے زائد طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میںشعبہ تعلیم میں 111ارب روپے صرف کیے جبکہ گزشتہ حکومت نے صرف 11ارب روپے خرچ کیے۔



بہاولپور ڈویژن میں 5سال کے دوران 50ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے3ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سول اسپتال ، ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔ قبل ازیں رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے مکمل ہونے والے متعدد ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں شہباز شریف نے کہا کہ سانحہ کراچی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

کراچی کے دلخراش واقعے سے پنجاب سمیت پاکستان بھر میں سوگ کی فضا ہے۔ پنجاب کے عوام سانحہ کراچی میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ ایسے واقعات کا تسلسل انتہائی افسوسناک ہے۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور عام انتخابات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں