عمران خان ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں آصف زرداری

عمران خان نے افراتفری، نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھایا، شریک چئیرمین پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک November 05, 2017
مران خان کی سیاست ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،آصف علی زرداری،فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی بصیرت سے عاری اور ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین کا کہنا تھا کہ عوام نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی نام نہاد تبدیلی دیکھ لی، عمران خان سیاسی بصیرت سے عاری ہیں اور وہ خود ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، عمران خان کی سولو فلائٹ سے اپوزیشن کو سب سے زیادہ نقصان اور سب سے زیادہ فائدہ نواز شریف کو ہوا، انہوں نے افراتفری، نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھایا۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ نواز حکومت نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا ہے، ان کے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے، آج ملک میں 20،20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ ملک غریب جب کہ شریف خاندان اور ان کے چیلے امیر ہورہے ہیں، حکمران خود کمیشن کھانے میں لگے ہوئے ہیں، خادم اعلی کی نام نہادگڈ گورننس کاپول کھل گیا ہے، لاہور کے اسپتالوں میں مریضوں کودوائی اور جگہ نہیں ملتی، شریف اشرافیہ کی لوٹ مار کی مزیدمعلومات سامنےآئیں گی اور وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ عوام اب نواز شریف اور عمران خان کی منفی سیاست کو رد کردیں گے، 2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں کامیاب ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں