4 ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کیلیے 16 رکنی قومی ٹیم آسٹریلیا روانہ

عرفان قیادت کرینگے، فزیکل فٹنس اور اسکلز ڈیولپمنٹ پر کام کیا ہے، فرحت


Sports Reporter November 06, 2017
کیمپ میں لڑکوں نے محنت کی ہے جو کوتاہی ایشیا کپ میں ہوئی ان خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے، فرحت خان۔ فوٹو : فائل

آسٹریلیا میں شیڈول چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 16 رکنی پاکستان ہاکی ٹیم گزشتہ روز آسٹریلیا روانہ ہوگئی۔

قومی ٹیم نے اتوار کی صبح عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں آخری پریکٹس سیشن کیا جس میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور اسکلز ڈیولپمنٹ پر کام کیا گیا۔

ہیڈ کوچ اولمپئن فرحت خان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی تیاری اچھی ہے کوئی بڑے دعوے نہیں کررہے ہیں کوشش ہوگی کہ بنگلادیش میں جو ایشیا کپ میں ٹیم نے پرفارم کیا تھا اس سے بہتر طور پر کھلاڑی پرفارم کریں، ایشیا کپ میں ہمیں فائنل میں آنا چاہیے تھا لیکن ہم تیسری پوزیشن پر آئے میں اس کارکردگی کو بہت اچھا نہیں تو برا بھی نہیں کہوں گا۔

فرحت خان نے بتایا کہ کیمپ میں لڑکوں نے محنت کی ہے جو کوتاہی ایشیا کپ میں ہوئی ان خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور آسٹریلیا میں لڑکے بہتر کارکردگی کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہونیوالے ایونٹ میں پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ بدھ کو میزبان آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلے گا جبکہ اگلے روز گرین شرٹس کا مقابلہ جاپان سے شیڈول ہے جبکہ قومی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری لیگ میچ 11 نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور 12 نومبر کو تیسری پوزیشن اور فائنل میچ کھیلا جائے گا۔

عرفان سینئر کی قیادت میں روانہ ہونے والی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میںعمر بھٹہ نائب کپتان، امجد علی، ابوبکر محمود،عاطف مصدق، احمد شکیل بٹ، تصورعباس ، ارسلان قادر، عتیق ارشاد،شجیع احمد ،بلال قادر، شان ارشاد،حسن انور،خضر اختر اوراعجاز احمد شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ اولمپئن فرحت خان، اسسٹنٹ کوچز ابو ذر امرا، سرور حسین اور شفقت شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں