جنوبی افریقہ آئی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر برقرار

نئی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ دوسری، آسٹریلیا تیسری، بھارت چوتھی جبکہ قومی ٹیم پانچویں پوزیشن پر ہے۔


ویب ڈیسک March 05, 2013
بیٹنگ میں ہاشم آملہ پہلے، مائیکل کلارک دوسرے، چندرپال تیسرے، اے بی ڈویلیرز چوتھے اور کمار سنگاکارا پانچویں نمبر پر برقرار ہیں۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق جنوبی افریقہ 128 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے اور 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر کے انعام کی حق دار قرار پائی ہے۔

نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ 118 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جو اگر 6 مارچ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز جیت جائے تو دوسری پوزیشن برقرار رکھنے کے ساتھ آئی سی سی سے 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم پانے کی بھی اہل ہوگی لیکن اگر نیوزی لینڈ نے سیریز میں 0-1 سے کامیابی پائی تو آسٹریلیا اور بھارت کو دوسری پوزیشن پر قبضہ جمانے کا موقع میسر آجائے گا۔ اس وقت آسٹریلیا ٹیسٹ رینکنگ میں 117 پوائنٹس کے ساتھ تیسری، بھارت 105 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی جبکہ قومی ٹیم 104 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔

بیٹنگ میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ پہلے، آسٹریلیا کےمائیکل کلارک دوسرے، ویسٹ انڈیز کےچندرپال تیسرے، جنوبی افریقہ ہی کے اے بی ڈویلیرز چوتھے اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا پانچویں نمبر پر برقرار ہیں جب کہ بھارتی بلے باز پجارا 12 درجے ترقی کے ساتھ 11ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بولنگ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین پہلے، جنوبی افریقہ ہی کے فلینڈر دوسرے اور سعید اجمل تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ بھارت کے اشون 3 درجے ترقی پاکر 8ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آل راؤنڈر کیٹیگری کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں