بجلی کا طویل بریک ڈاؤن دھابے جی سے پانی کی فراہمی بند

بیک پریشر کے باعث 72انچ قطر کی لائن دھماکے سے پھٹ گئی، وسیع علاقہ زیر آب

بیک پریشر کے باعث 72انچ قطر کی لائن دھماکے سے پھٹ گئی، وسیع علاقہ زیر آب۔ فائل فوٹو

KATHMANDU:
دھابے جی میں بجلی کا 22گھنٹے طویل بریک ڈائون، پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بند ہو جانے کے باعث پانی کے بیک پریشر سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی لائن پھٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق کے ای ایس سی کے متعدد گرڈ اسٹیشنز میں فنی خرابی کے سبب دھابے جی اور گھارو پمپنگ اسٹیشنزسمیت پورے علاقے میں بجلی کا طویل بریک ڈائون رہا۔


اس دوران پانی کے بیک پریشر سے کراچی کو یومیہ سوملین گیلن پانی سپلائی کرنے والی 72انچ قطر کی پائپ لائن زور دار دھماکے سے پھٹ گئی جس کے باعث ہزاروں گیلن پانی ضائع جبکہ آس پاس کا وسیع علاقہ زیرآب آگیا۔ اطلاع ملنے پر واٹر بورڈ کے ایگزیکٹو انجینئر لعل محمد سموں نے لائن کی مرمت کا کام شروع کروا دیا۔ واٹر بورڈ انتظامیہ کے مطابق مرمت کا کام آج شام تک مکمل کرکے سپلائی بحال کردی جائے گی جبکہ دھابے جی اور گھارو پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے 14گھنٹے طویل بریک ڈائون کے باعث کراچی شہر کو کروڑوں گیلن پانی سپلائی نہ کیا جا سکا۔

کے ای ایس سی نے دھابے جی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی 14گھنٹے بعد بحال کر دی تاہم دھابے جی ٹائون سمیت مضافاتی علاقے غریب آباد مارکیٹ، بلال نگر، شیخ مجید کالونی، یعقوب آباد سمیت دیگر علاقوں میں 22گھنٹے بجلی بند رہی جس کے باعث کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا اور شدید گرمی کے باعث لوگوں کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

Recommended Stories

Load Next Story