مقامی صنعتوں كے تحفظ كے لئے اقدامات كررہے ہيں چیئرمین ايف بی آر
فيڈرل بورڈ آف ريونيو (ایف بی آر) كے چيئرمين علی ارشد حكيم نے كہا ہے كہ مقامی صنعتوں كے تحفظ كے لئے بھرپور اقدامات كررہے ہيں۔
ايف پی سی سی آئی كے دورے كے موقع پر علی ارشد حکیم كا كہنا تھا كہ مقامی صنعتوں كے مفادات كا تحفظ كيا جائے گا اور اس ضمن ميں ايف بی آر درآمدی مصنوعات كے حوالے سے اقدامات كررہا ہے تاكہ مقامی صنعتيں متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ سميت نان ٹيكس پيڈ گاڑيوں كی ريگولرائزيشن سے بلوچستان، گلگت بلتستان اور خيبر پختونخوا کے عوام کو فائدہ ہوگا اور حكومت كی آمدنی ميں بھی اضافہ ہوگا۔
علی ارشد حکیم نے اس موقع پر ايس آر اور647 كے تحت ريفنڈ كے بجائے ان پٹ سيلز ٹيكس ميں ترميم كے حوالے سے بھی آمادگی كا اظہار كيا۔ چيئرمين ايف بی آر سے ايف پی سی سی آئی كے صدر نے درآمدی گاڑيوں اور ود ہولڈنگ ٹيكس كے حوالے سے بھی تبادلہ خيال كيا اور تاجروں وصنعتكاروں كے مسائل سے آگاہ كيا۔