کپتان سرفراز احمد کی ڈانٹ اچھی لگتی ہے حسن علی

سرفرازغصے سے نہیں بلکہ ٹیم کی توجہ کھیل پررکھنے کیلیے چلاتے ہیں،حسن


Sports Reporter November 07, 2017
اپنی فٹنس مزید بہتر بنانے پر کام کرنے کے لیے تیار ہوں، امید ہے کہ کمر کی کوئی انجری نہیں ہوگی، پیسر۔ فوٹو : سوشل میڈیا

قومی کرکٹرز کو کپتان کی ڈانٹ بھی اچھی لگنے لگی جب کہ پیسر حسن علی نے اسے کارکردگی دکھانے کی تحریک قرار دے دیا۔

ایک انٹرویو میں فاسٹ بولر حسن علی نے کہاکہ میدان میں سرفراز احمد کے چلانے سے کوئی پلیئر ناراض نہیں ہوتا، سب جانتے ہیں کہ کپتان ایسا غصے میں نہیں بلکہ اس لیے کرتے ہیں کہ تمام کھلاڑیوں کی پوری توجہ کھیل پر مرکوز رہے، ان کے چلانے سے مجھے بھی کوئی پریشانی نہیں ہوتی بلکہ کارکردگی دکھانے کیلیے مزید تحریک ملتی ہے، انہوں نے بتایا کہ سرفراز احمد ڈانٹ دیں تو غصہ کرنے کے بجائے لطف اندوز ہوتا ہوں۔

محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان کی عمدہ پرفارمنس کے سوال پر انھوں نے کہا کہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ جو بھی ٹیم میں آئے بہترین کارکردگی دکھاتا ہے، پلیئرز میں حسد یا مقابلے بازی نہیں، جو بھی اچھا کھیلے سب اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ عثمان خان شنواری نے بہترین بولنگ کی تو میں بھی بہت خوش تھا، ان کو وکٹیں لیتا دیکھ کر مجھے بہت لطف آیا، ایسا ہی لگ رہا تھا کہ میں خود گیند کر رہا ہوں، شاداب خان آیا اور خود کو میچ ونر ثابت کیا، فہیم اشرف اور فخر زمان بھی آتے ہی بہت اچھی انٹرنیشنل کرکٹ کے مطابق ڈھل گئے ہیں، امام الحق نے حال ہی میں اپنے پہلے میچ میں سنچری بنائی،کامیابیوں کے لمحات میں ان سب پلیئرز کے ساتھ ہونا بہت ہی زبردست تجربہ ہے۔

حسن علی نے کہا کہ سینئرز بھی جونیئرز کی بڑی حوصلہ افزائی کرتے ہیں،ٹیم ایک ایسا یونٹ بن چکی جو کامیابیوں کا بھرپور لطف اٹھا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈکپ 2019جیتے اور میں اس میں بہترین بولر کا اعزاز حاصل کروں،کیریئر کے آغاز میں ملنے والی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کیلیے سخت محنت کروں گا۔

ایک سوال پر حسن علی نے کہا کہ ڈاکٹر نے وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کے لیے بم دھماکے کا ایکشن بنانے سے منع کیا تھا،ان کا کہنا تھا کہ اس زوردار انداز سے فٹنس مسائل پیدا ہوسکتے ہیں لیکن میں نے کہا کہ جشن منانے کا انداز نہیں بدلوں گا، اپنی فٹنس مزید بہتر بنانے پر کام کرنے کے لیے تیار ہوں، امید ہے کہ کمر کی کوئی انجری نہیں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں