کنری میں سیوریج کا نظام درہم برہم شہر کچرے کا ڈھیر بن گیا

گندا پانی سڑکوں پر مسلسل جمع رہنے سے شہر بھر کی اکثر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں

شہر کی صفائی پر مامور عملہ با اثر افراد کے گھروں اور مختلف سرکاری دفاتر میں ڈیوٹی انجام دیتا ہے فوٹو : فائل

کُنری ٹی ایم اے انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ایم اے انتظامیہ کی غفلت و لاپروائی کے باعث صفائی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، شہر بھر کی مختلف کالونیوں آصف نگر، غریب آباد، خالد کالونی، اناج منڈی و دیگر میں گندگی کے ڈھیر ہیں جن سے اُٹھنے والے تعفن نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں ، گٹر و نالیاں اُبلنے سے سڑکوں پر گندا پانی بہنا معمول بن چکا ہے جسکے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ اور مکھیوںکی بہتات ہے، شہریوں کی راتوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، شہری ملیریا سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہو کر سرکاری و نجی اسپتالوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔




گندا پانی سڑکوں پر مسلسل جمع رہنے سے شہر بھر کی اکثر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں، جن میں بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ہیں اور لوگوں کا پیدل چلنا بھی دشوارہے۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر کی صفائی پر مامور عملہ با اثر افراد کے گھروں اور مختلف سرکاری دفاتر میں ڈیوٹی انجام دیتا ہے، جسکی وجہ سے شہر میں صفائی کا نظام درہم برہم ہے، ٹی ایم اے انتظامیہ کی جانب سے کروڑوں روپے کا بجٹ خرچ کرنے کے دعوئوں کے باوجود مبینہ کرپشن کی وجہ سے شہر کی حالت بہتر ہونے کے بجائے مزید ابتر ہو چکی ہے، شہریوں و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وزیر بلدیات سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
Load Next Story