چین نے رواں سال معاشی ترقی کا ہدف 75 فیصد مقرر کردیا

بیروزگاری شرح 4.6 فیصد رکھنے کیلیے شہری علاقوں میں 90 لاکھ ملازمتیں دی جائیں گی۔

افراط زر کا ہدف 3.5 فیصد ہوگا، وزیر اعظم، نیشنل پیپلز کانگریس کے آغاز پر ’ورک رپورٹ‘ پیش۔ فوٹو: فائل

چین نے رواں سال کے لیے معاشی ترقی کا ہدف 7.5 فیصد مقرر کردیا۔

چینی وزیراعظم وین جیاباؤ نے منگل کو نیشنل پیپلزکانگریس کے آغاز پر اپنی ''ورک رپورٹ'' میں کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کی جائے گی۔ یاد رہے کہ چین نے 2012 میں بھی اقتصادی نمو کا ہدف 7.5 فیصد رکھا تھا تاہم گروتھ ریٹ 7.8 فیصد پر پہنچ گیا تھا مگر یہ گزشتہ 13 سال میں چین کی سب سے کم معاشی نمو تھی۔




کانگریس سے خطاب میں چینی وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں گروتھ ماڈل کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، چین شہری علاقوں میں ملازمتوں کے 90 لاکھ مواقع فراہم کرے گا تاکہ بیروزگاری کی شرح 4.6 فیصد یا اس سے نیچے رہے اور دیہی وشہری عوام کی فی کس آمدنی میں اضافہ یقینی بنایا جاسکے، اقتصادی نمو کے فروغ اور ڈھانچہ جاتی ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ عوامی فلاح وبہبود کے لیے زیادہ فنڈز رکھنا ضروری ہے۔

دریں اثناء چینی وزارت خزانہ سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں سال چین کا بجٹ خسارہ 1.2 ٹریلین یوآن (193 ارب ڈالر) رہے گا جو گزشتہ سال سے 400 ارب یوآن زیادہ ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا کہ چین نے رواں سال کے لیے افراط زر کی شرح کا ہدف 3.5 فیصد رکھا ہے جبکہ 2012 میں انفلیشن ریٹ 2.6 فیصد رہا تھا۔
Load Next Story