کراچی میں خاتون خودکش حملہ آور کے داخلے کی اطلاع پر سیکیورٹی الرٹ جاری

خاتون خودکش حملہ آورپٹھان کالونی میں محمدن گل نامی شخص کےگھرٹھہری،اب وہ کہاں ہے اس سے متعلق کوئی علم نہیں، وزارت داخلہ

خاتون خودکش حملہ آور کے داخلے کی اطلاع ملنے پر شہر کی سیکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے اور تلاش کے لیے نیٹ ورک متحرک کردیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

وزارت داخلہ کی جانب سے حکومت سندھ کو بھیجے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نازیہ عرف سلمیٰ نامی خودکش حملہ آور شہر میں داخل ہوگئی ہے جس کے بعد سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔



خط کے مطابق کراچی میں تخریب کاری کے لیے خاتون بمبار کو استعمال کئے جانے کی اطلاعات ہیں اور اس مقصد کے لئے نازیہ عرف سلمیٰ نامی خاتون کو کراچی پہنچا دیا گیا ہے۔ یہ خاتون خودکش حملہ آور پٹھان کالونی کریم آباد میں محمدن گل نامی شخص کے گھر ٹھہری لیکن اب وہ کہاں ہے، اس سے متعلق کوئی علم نہیں۔


وزارت داخلہ کے مطابق محمدن گل کمانڈر ضیا الرحمان کا رشتے دار ہے اور اس کی دکان ناظم آباد میں ہے۔ خاتون خودکش حملہ آور کے داخلے کی اطلاع ملنے پر شہر کی سیکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے اور تلاش کے لیے نیٹ ورک متحرک کردیا گیا ہے۔

Load Next Story