صحت اور پولیس کے علاوہ کسی محکمے میں بھرتیاں نہ کی جائیں سندھ حکومت

سرکاری محکموں میں ملازمتوں کیلیے لاکھوں درخواستیں جمع کرانے والے بے روزگار نوجوانوں کیلیے آخری امید بھی ختم

سندھ کے مالی حالات بہتر نہیں ہیں، پارٹی قیادت نے بھی صرف ضروری بھرتیوں کی ہدایت کی ہے، وزیر اعلیٰ نے کابینہ ارکان کو آگاہ کردیا۔فوٹو: فائل

حکومت سندھ نے محکمہ صحت اور پولیس کے علاوہ باقی تمام سرکاری محکموں میں بھرتیاں نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے جس کے بعد مختلف سرکاری محکموں میں ملازمتوں کیلیے لاکھوں کی تعداد میں درخواستیں جمع کرانیوالے بے روزگار نوجوانوں کیلیے آخری امید بھی ختم ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس اور محکمہ صحت کے علاوہ باقی تمام سرکاری محکموں میں ملازمتوں کیلیے دیے گئے اشتہارات پر عملدرآمد نہ کرنے کی ہدایات زبانی طور پر چیف سیکریٹری سندھ اور تمام محکموں کے سیکریٹریوں کو حالیہ سندھ کابینہ کے اجلاس کے آخر میں دی گئیں، سندھ کابینہ کا یہ اجلاس 28 اکتوبرکو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔


اجلاس کے آخر میں جب وزیر اعلیٰ سندھ کی توجہ متعدد سرکاری محکموں میں ملازمتوں کے لیے دیے گئے اشتہارات اور جمع کی گئیں لاکھوں درخواستوں کی جانب مبذول کرائی گئی تو وزیر اعلیٰ سندھ نے کابینہ کے اراکین کو بتایاکہ صوبہ سندھ کے مالی حالات بہتر نہیں ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے بھی صرف ضروری بھرتیاں کرنے کی ہدایت کی ہے لہٰذا محکمہ صحت اور محکمہ پولیس میں ملازمتوں کے لیے دیے گئے اشتہارات کے علاوہ باقی تمام محکموں میں انتہائی ضروری بھرتیاں کی جائیں گی، اس ضمن میں تمام سرکاری محکمے وزیر اعلیٰ ہاؤس کو انتہائی ضروری بھرتیوں سے متعلق آگاہ کریں گے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے ان کا جائزہ لے کر محدود پیمانے پر بھرتیوں کی اجازت دی جائے گی۔

کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ تعلیم میں خاص طور پر اساتذہ کی بھرتیاں بھی ضروری بھرتیوں میں شمار ہوتی ہیں جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام ضروری بھرتیاں لازمی طور پرکی جائیں گی۔ وزیرا علیٰ کو تقریباً ایک سال قبل سرکاری محکموں میں 60 ہزار خالی اسامیوں کی تفصیلات ارسال کی گئی تھیں جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری سے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے گزشتہ سال 18 اکتوبر کو سرکاری ملازمتوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا محکمے کے جانب سے اس سے قبل 28 ستمبر کو وزیر اعلیٰ کو ارسال کی گئی سمری میں تمام ملازمتوں کو ضروری قرار دیتے ہوئے پابندی ختم کرنے کے سفارش کی گئی تھی اور ملازمتوں پر پابندی اٹھانے کے بعد تمام محکموں کو محکماتی ترقیوں کے بعد دستیاب تمام سرکاری ملازمتوں کے اشتہار دینے کی ہدایت دی گئی تھی۔

حیرت انگیز طور پر وزیر اعلیٰ سندھ نے منگل کو سرکاری ملازمتوں میں معذوروں کے کوٹے پر عملدرآمد کیلیے احتجاج کرنے والے معذور افراد سے ملاقات کرنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ معذور افراد کو ملازمتیں فراہم کرنے کیلیے جلد ہی علیحدہ اشتہار دیا جائے گا، جبکہ ایم سیل تشکیل دیا جائے گا جس کے ذریعے معذور افراد کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
Load Next Story