گیس کی قلت فرنس آئل کی درآمد میں17فیصد اضافہ

،مقامی ریفائنریز کی پیداوار میں اضافے کے باعث پٹرولیم نیفتھا کی برآمدات میں اضافے کا رجحان رہا


Business Reporter August 06, 2012
درآمدی بل کم کرنے کیلیے ریفائنریزکو پیداواری استعداد بڑھانے کی ہدایت۔ فوٹو فائل

ISLAMABAD: قدرتی گیس کی کمی کے باعث پاورپلانٹس کیلیے فرنس آئل کی درآمد بڑھ رہی ہے، رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی کے دوران فرنس آئل کی درآمد میں 17فیصد اضافہ جبکہ پٹرول اورڈیزل کی درآمد میں 43 فیصدکمی ریکارڈکی گئی۔

وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق جولائی کے مہینے میں خام تیل کی درآمد میں بھی اضافے کا رجحان رہا مجموعی طور پر 47فیصد اضافے سے 6 لاکھ 38ہزار 800ٹن خام تیل درآمد کیاگیاجبکہ جون کے مہینے میں خام تیل کی درآمد 4لاکھ 35ہزار 245 ٹن رہی تھی، خام تیل کی درآمد میں اضافے کی وجہ مقامی ریفائنریز کی پیداوار میں اضافہ بتائی جاتی ہے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کادرآمدی بل کم کرنے کیلیے ریفائنریزکو پیداواری استعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے، بجلی کا بحران کم کرنے کیلیے گیس کی قلت کے پیش نظر پاورکمپنیوں کو فرنس آئل فراہم کرنے کی حکمت عملی کے باعث فرنس آئل کی درآمدات میںاضافے کا سامنا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی کے دوران فرنس آئل کی درآمد 17فیصد اضافے سے 5لاکھ 98ہزار ٹن رہی جبکہ جون کے مہینے میں 5 لاکھ 9ہزار ٹن فرنس آئل درآمد کیا گیا تھا،مقامی ریفائنریز کی پیداوار میں اضافے کے باعث جولائی کے مہینے میں ڈیزل اور پٹرول کی درآمد میں کمی رہی،جولائی کے مہینے میں 2لاکھ 9 ہزار 500ٹن ڈیزل جبکہ ایک لاکھ 13ہزار 392 ٹن پٹرول درآمد کیا گیا جون کے مہینے میں ڈیزل اور پٹرول کی درآمد بالترتیب 3لاکھ 68ہزار 843ٹن اور ایک لاکھ 78ہزار 200 ٹن رہی تھی،مقامی ریفائنریز کی پیداوار میں اضافے کے باعث پٹرولیم نیفتھا کی برآمدات میں اضافے کا رجحان رہا، جولائی کے مہینے میں 75ہزار ٹن نیفتھا برآمد کیا گیا جون میں نیفتھا کی برآمد33ہزار ٹن رہی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں