فیصل آباد مقابلہ مقتول کو ڈی ایس پی کی بھتیجی سے شادی کی سزا ملی ورثا

ڈی ایس پی نے بدلہ لینے کے لیے مقتول آصف کو کئی جھوٹے مقدمات میں پھنسا دیا تھا، ورثا کا بیان


ویب ڈیسک November 08, 2017
مقتول آصف نے ڈی ایس پی کی بھتیجی سے پسند کی شادی کی تھی، ورثا۔ فوٹو:فائل

گلبرگ کے علاقے میں جعلی پولیس مقابلے کی حقیقت سامنے آگئی ہے اور مارا گیا شخص مبینہ طور پر ڈی ایس پی کی بھتیجی کا شوہر نکلا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد کے علاقے گلبرگ میں پولیس مقابلے کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ سادہ لباس پولیس اہلکاروں نے گزشتہ روز ایک زخمی شخص آصف کو سرعام گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے آصف کے ورثا نے بتایا کہ مقتول نے 2014 میں ڈی ایس پی گوجرانوالہ کی بھتیجی سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر ڈی ایس پی نے بدلہ لینے کے لیے مقتول آصف کو کئی جھوٹے مقدمات میں پھنسا دیا تھا۔ آصف ایلومنیم کا کاروبار کرتا تھا اور اس کا جرائم پیشہ افراد سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ پولیس کی زیادتیوں سے تنگ آکر آصف دبئی چلا گیا تھا اور چند ماہ قبل ہی وطن واپس لوٹا تھا۔ وہ فیصل آباد خریداری کےلیے آیا تھا کہ پولیس نے اسے جعلی مقابلےمیں مار ڈالا۔

مقتول کے بھائی شاہد نے کہا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے نہتے زخمی پر گولیاں برسائیں، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

دوسری جانب فیصل آباد پولیس کا موقف ہے کہ آصف ڈکیتی کےمقدمات میں مطلوب تھا اور مقابلہ کرتے ہوئے مارا گیا، تاہم واقعے کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے اس میں مقتول واضح طور پر نہتا دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ 4 رکنی انکوائری کمیٹی 48 گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں