رنبیر کے ساتھ تصاویر پر ماہرہ خان نے معافی مانگ لی

میں بھی انسان ہوں مجھ سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں، ماہرہ خان


ویب ڈیسک November 08, 2017
میں بہت مضبوط عورت ہوں لیکن اس واقع نے مجھے توڑ کر رکھ دیا تھا؛ماہرہ خان؛فوٹوفائل

ماہرہ خان نے رنبیر کپور کے ساتھ متنازعہ تصاویر والے معاملے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی کسی بوڑھی خاتون سے ملتی ہوں فوراً معافی مانگتی ہوں۔

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اوربالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی کچھ عرصہ قبل نیویارک کے ہوٹل کے باہر سگریٹ پیتے ہوئے تصاویر وائرل ہوئی تھیں جنہوں نے پاکستانی اور بھارتی میڈیا میں ہنگامہ مچادیا تھا۔ تصاویر میں ماہرہ سفید رنگ کے مختصر لباس میں ملبوس تھیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ کے لباس اورسگریٹ پینے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک مسلمان اور پاکستانی لڑکی کو غیرمرد کے ساتھ سگریٹ پینا بالکل بھی زیب نہیں دیتا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہرہ اور رنبیر کی تصاویر نے ہنگامہ مچادیا

سوشل میڈیا پر ماہرہ کو بےتحاشا تنقید کا نشانہ بنائے جانے پراداکاررنبیر کپور بھی میدان میں کود پڑے تھے اورانہوں نے ماہرہ کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ماہرہ بہت اچھی اور عزت دار خاتون ہیں لہٰذاان پر تنقید بند کی جائے۔ جب کہ اس معاملے پر ماہرہ خان نے بھی فلم''ورنہ''کی تشہیری تقریب کے دوران خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بہت زیادہ محتاط رہتی ہیں تاہم انہوں نے اپنی اس غلطی سے سبق حاصل کیا ہے۔



بھارتی میڈیا کے مطابق ایک بار پھر ماہرہ نے متنازع تصاویر کے معاملے پرلب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''میں بہت مضبوط عورت ہوں لیکن اس واقعے نے مجھے توڑ کر رکھ دیا تھا''۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہرہ نے خاموشی توڑ ہی دی

ایک انٹرویو کے دوران ماہرہ نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ رنبیر کے ساتھ تصاویر منظرعام پر آنے کے بعد میں نے فیصلہ کیا تھا کہ اس معاملے پر خاموشی برقرار رکھوں گی اور کوئی ردعمل ظاہر نہیں کروں گی۔ میں بہت مضبوط عورت ہوں لیکن اس واقعے نے مجھے توڑ کر رکھ دیا تھا۔ تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد ردعمل ظاہر کرنا چاہتی تھی لیکن میں ایسا نہیں کرسکی کیونکہ مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ مجھے کیا کہنا ہے۔

ماہرہ نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان تصاویر کی وجہ سے لوگ بہت زیادہ دلبرداشتہ ہوئے تھے بالکل اسی طرح جیسے میری نانی اور میرے ماموں اس طرح کی تصاویر دیکھ کر ہوتے اور یہی وجہ تھی کہ مجھ پر تنقید کی گئی۔ میں آج اگر کسی بوڑھی یا ادھیڑ عمر کی خاتون سے ملتی ہوں اور وہ کہتی ہیں کہ انہیں وہ تصاویر پسند نہیں آئی تھیں تو میں فوراً مانگتی ہوں۔ ماہرہ نے کہا کہ خدا کا شکر ہے ''پاور دی گیم''(فلم ورنہ)بالکل صحیح وقت پر ریلیز ہورہی ہے اور مجھے اپنی صفائی دینے کا موقع مل رہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: رنبیرکپورماہرہ پرتنقید برداشت نہ کرسکے

اداکارہ نے کہا لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کیا میں اپنے مداحوں کے لیے رول ماڈل ہوں تو میں کہتی ہوں ہاں میں رول ماڈل ہوں لیکن مکمل رول ماڈل نہیں۔ میں بھی انسان ہوں مجھ سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں لیکن مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی تھی کہ بہت سارے لوگ میرے لیے کھڑے ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم''ورنہ''کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ شعیب منصور کی ہدایت کاری میں بننےوالی فلم ''ورنہ''رواں ماہ 17 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |