عباس ٹاؤن دھماکے میں سوزوکی پک اپ استعمال کیے جانے کا شبہ

وقوعہ کی کھدائی کے دوران گڑھے سے پک اپ کی کمانیاں برآمد، فارنسک تجزیے کیلیے روانہ

وقوعہ کی کھدائی کے دوران گڑھے سے پک اپ کی کمانیاں برآمد، فارنسک تجزیے کیلیے روانہ فوٹو : اے ایف پی

سانحہ عباس ٹائون میں بم دھماکے سے سڑک پر پڑنے والے گڑھے کی کھدائی کے دوران سوزوکی پک اپ کی کمانیاں برآمد ہوئی ہیں جنھیں سی آئی ڈی پولیس نے فارنسک تجزیے کے لیے لیبارٹری روانہ کردیا۔

ایس ایس پی سی آئی ڈی آپریشن سول لائنز فیاض خان نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ عباس ٹائون دھماکے میں سوزوکی پک اپ ہی استعمال کی گئی ہے ، تفصیلات کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور مختلف تفتیشی ادارے تحقیقات میں مصروف ہیں ، گزشتہ روز ایس ایس پی سی آئی ڈی آپریشن سول لائنز فیاض خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ سی آئی ڈی کی ٹیم نے منگل کو جائے وقوع کا دورہ کیا اور بم دھماکے سے سڑک پر پڑجانے والے گڑھے کی چند فٹ کھدائی کی گئی ، اس دوران ٹیم کو زمین میں دھنسی ہوئی سوزوکی پک اپ کی کمانیاں ملیں جنھیں قبضے میں لے کر فارنسک ڈویژن روانہ کردیا گیا۔




فیاض خان کا کہنا تھا کہ قوی شبہ ہے کہ دھماکے میں سوزوکی پک اپ ہی استعمال کی گئی ہو ، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ لوڈنگ گاڑیوں کے ذریعے کیے جانے والے دھماکوں میں کمانیاں زمین میں دھنس جاتی ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ روز سی آئی ڈی کی ایک ٹیم نے متاثرہ مقام کی کھدائی کی تھی جہاں سے کمانیاں برآمد ہوئیں ۔انھوں نے اس شبے کا بھی اظہار کیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ عباس ٹائون بم دھماکا خودکش ہوجس میں ڈرائیور نے گاڑی سمیت موقع پر پہنچ کر خود کو اڑادیا ہو تاہم اس وقت خودکش دھماکے کے حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔سی آئی ڈی تمام پہلوئوں پر تفتیش کررہی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story