سزا میں کمی شرجیل خان کی خواہش حسرت بن گئی

اپیل مسترد ،پی سی بی کی جانب سے سزا میں اضافے کی درخواست بھی رد


Sports Reporter November 09, 2017
اپیل مسترد ،پی سی بی کی جانب سے سزا میں اضافے کی درخواست بھی رد

YANGON: پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی سزا میں کمی کے حوالے سے شرجیل خان کی خواہش حسرت بن گئی، ان کی اپیل مسترد ہوگئی۔

پی سی بی کی جانب سے سزا میں اضافے کی درخواست بھی رد کردی گئی، ایڈجو ڈیکیٹر جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے 3رکنی اینٹی کرپشن ٹریبیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث شرجیل خان کو پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے ڈھائی سال معطل سمیت 5سال پابندی کی سزا سنائی تھی،اسی کیس میں خالد لطیف پر5سال کیلیے کرکٹ کے دروازے بند کردیے گئے تھے، محمد عرفان 6ماہ معطلی کی سزا پوری کرچکے، شاہ زیب حسن کے کیس کی سماعت جاری ہے۔

تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد شرجیل خان نے اپیل کا حق استعمال کرتے ہوئے ایڈجوکیٹر جسٹس(ر) فقیر محمد کھوکھر کے روبرو موقف اختیار کیا تھا کہ ٹھوس شواہد نہ ہونے کے باعث ان کو دی جانے والی سزا کالعدم قرار دی جائے، دوسری جانب پی سی بی نے درخواست دائر کرتے ہوئے کوڈ آف کنڈکٹ میں اس جرم کی کم سے کم سزا دینے کو چیلنج کیا تھا، معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ روزشرجیل خان کی اپیل مسترد ہوگئی، ایڈجو ڈیکیٹر جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر نے3رکنی اینٹی کرپشن ٹریبیونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔

شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اوپنر کی سزا کم کرنے کی اپیل منظور نہ ہو سکی، دوسری جانب پی سی بی نے سزا بڑھانے کیلیے درخواست دی تھی، اس کیس کی سماعت کرنے کیلیے مقرر کیے جانے والے ایڈجو ڈیکیٹر نے دونوں اپیلیں مستردکر دی ہیں۔ یاد رہے کہ ٹریبیونل کی کارروائی کا بار بار بائیکاٹ کرنے والے خالد لطیف نے بھی سزا کیخلاف اپیل دائر کررکھی ہے، پی سی بی نے ان پر تاحیات پابندی کیلیے درخواست دی تھی،اوپنر کے کیس کا فیصلہ آنا باقی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔