شاعر مشرق علامہ اقبال کا 140 واں یوم ولادت آج منایا جارہا ہے

شاعر مشرق کے یوم ولادت پر ملک بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے


ویب ڈیسک November 09, 2017
پاک بحریہ کے بینڈ نےخوبصورت دھنیں بجاکر شاندار پرفارمنس کامظاہرہ کیا؛فوٹوفائل

آج ملک بھر میں شاعر مشرق حکیم الامت ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا 140 واں یوم ولادت نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

9نومبر 1877کو سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر سر علامہ محمد اقبال کا شمار برصغیر پاک و ہند کی تاریخ ساز شخصیات میں ہوتا ہے۔ اقبال پہلے وہ مفکرِ عظیم ہیں جنھوں نے سب سے پہلے یہ محسوس کر لیا تھا کہ برصغیر پاک و ہند میں اب مسلمان اور ہندو اکٹھے نہیں رہ سکتے۔ علامہ اقبال نے تمام عمرکے مسلمانوں میں بیداری و احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھیں مگر بدقسمتی سے وہ پاکستان کی صورت میں اپنے خواب کو حقیقت کے روپ میں ڈھلتا نہ دیکھ سکے اور 21 اپریل1938 کو خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ انہیں لاہور میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں ناصرف پاکستان بلکہ دیگر کئی اسلامی ممالک میں ان کے نام سے شاہرات موسوم کی گئی ہیں۔

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے سب سے اہم تقریب مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی تھی۔ پاک بحریہ کےکیڈٹس اور جوانوں نے پنجاب رینجرز کے جوانوں کی جگہ مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب میں اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد محمود نےپریڈ کا معائنہ کیااور چیف آف نیول اسٹاف اور پاک بحریہ کے افسروں و جوانوں کی جانب سے علامہ اقبال کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔